صوبائی لوکل گورنمنٹ کمیشن کا اجلاس، ٹاؤنز کے ٹیکس تنازعات قانون اور میرٹ پر حل کرنے کا فیصلہ
کراچی: وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت صوبائی لوکل گورنمنٹ کمیشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف ٹاؤنز سے متعلق امور، عوامی سہولیات کی فراہمی، ٹیکس وصولی کے تنازعات اور بلدیاتی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد، کمیشن کے چیئرمین رحیم سومرو، رکن سندھ اسمبلی امداد پتافی اور مختلف ٹاؤنز کے چیئرمینز نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران مختلف ٹاؤنز کے درمیان ٹیکس وصولی سے متعلق تنازعات کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ فریقین کے مؤقف اور دلائل تفصیل سے سنے گئے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح شہریوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور ٹاؤنز کو درپیش مسائل کا بروقت حل ہے۔ اس مقصد کے لیے صوبائی حکومت، متعلقہ اداروں اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کے درمیان مؤثر اور مربوط تعاون ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹاؤنز کے درمیان ملیچنگ اینیمل ٹیکس کی وصولی سے متعلق مسائل بھی جلد حل کیے جائیں گے تاکہ ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنایا جاسکے اور متعلقہ بلدیاتی اداروں کو اپنے وسائل مؤثر انداز میں استعمال کرنے میں سہولت حاصل ہو۔
صوبائی وزیر نے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط اور بااختیار مقامی حکومت ہی شہری مسائل کے فوری حل اور عوام کو بہتر بلدیاتی خدمات کی فراہمی میں بنیادی کردار ادا کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے قانونی اور انتظامی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے عملی اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ ٹاؤنز کے درمیان تنازعات کو محض انتظامی بنیادوں پر نہیں بلکہ حقائق، قانون اور میرٹ کی روشنی میں حل کیا جائے گا۔
ناصر حسین شاہ نے واضح کیا کہ صوبائی لوکل گورنمنٹ کمیشن تمام معاملات میں شفافیت کو مقدم رکھے گا اور کسی بھی فریق کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد سے متعلق معاملات میں غیر ضروری تاخیر کی گنجائش نہیں، کیونکہ ٹاؤنز کے مسائل کے بروقت حل سے شہریوں کو بلدیاتی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کے ساتھ مقامی حکومتوں کی مجموعی کارکردگی بھی بہتر ہوگی۔
اجلاس میں ٹاؤنز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے صفائی ستھرائی، نکاسی آب، ٹیکس وصولی اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی بہتر بنائیں۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ باہمی تنازعات کو افہام و تفہیم اور قانونی طریقہ کار کے تحت جلد نمٹایا جائے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانے اور عوامی مسائل کے فوری ازالے کے لیے تمام ضروری اقدامات کررہی ہے اور تمام تنازعات کا فیصلہ میرٹ، قانون اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق کیا جائے گا۔