میئر کراچی کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت بڑھانے کا اعلان
کراچی(نمائندہ مقامی حکومت) میئر کراچی بیرسٹر مرتضٰی وھاب نے شہر بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو مزید مضبوط بنانے کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق، میئر کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم انجینئرنگ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ترقیاتی اسکیموں کی تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے کنسلٹنٹس کی تقرری سٹی کونسل کی منظوری سے عمل میں لائی جائے گی تاکہ نگرانی کا عمل شفاف اور غیر جانبدار ہو۔اجلاس میں سخت احتسابی اقدامات پر بھی زور دیا گیا اور واضح کیا گیا کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ غفلت یا کوتاہی کے مرتکب انجینئرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔میئر نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ اہم شاہراہوں اور مارکیٹس کی بحالی کے منصوبے جلد از جلد مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔اس وقت شہر بھر میں 700 سے زائد ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری ہے، جن کی نگرانی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ منصوبوں میں پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے اور عوامی فنڈز کا مؤثر استعمال ممکن ہو سکے۔