کراچی: کراچی کے میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ہفتے کے روز کورنگی کریک پر ملک کے پہلے مینگرووز بایو ڈائیورسٹی پارک کا افتتاح کیا، جسے ماحولیاتی تحفظ اور عوامی آگاہی کے لیے ایک تاریخی قدم قرار دیا گیا۔
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ پارک سندھ فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے اور یہ ملک کا پہلا فلوٹنگ پارک بھی ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر نے کہا کہ یہ پارک مینگرووز کے تحفظ اور نئی نسل کو ماحول کی اہمیت سے آگاہ کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے سول سوسائٹی، کاروباری برادری اور ماہرین ماحولیات سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے اعلان کیا کہ کے ایم سی جلد کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کی عمارت کے قریب ایک اور مینگرووز پارک قائم کرے گی۔
پارک کو ماہر ماحولیات شاہ مراد علیانی نے ڈیزائن کیا جبکہ اس کی تیاری ماہر تعمیرات طارق الیگزینڈر قیصر کے مشورے سے کی گئی۔ اس پارک میں 80 فیصد ری سائیکل شدہ اور قدرتی مواد جیسے لکڑی، بانس اور استعمال شدہ جالوں کا استعمال کیا گیا ہے، جبکہ اس میں فلوٹنگ راستے، انٹرایکٹو لرننگ بورڈز اور فلوٹنگ ایجوکیشن سینٹر شامل ہیں۔
یہ پارک 72 سے زائد اقسام کے پرندوں، مثلاً کنگ فشرز، ایگریٹس، یوریشین کرلز اور مختلف مہاجرتی پرندوں کے ساتھ ساتھ کیچوے اور فڈلر کیکڑوں کا بھی مسکن ہے۔