میئر کراچی کا وزیراعظم سے شہر کی ترقی کے لیے 200 ارب روپے فنڈز دینے کا مطالبہ

کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے منگل کو وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کی ترقی کے لیے کم از کم 200 ارب روپے مختص کیے جائیں، کیونکہ وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 20 ارب روپے کا ’’لالی پاپ‘‘ شہر کی بڑھتی ہوئی انفراسٹرکچر اور شہری ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے۔

نئی رضویہ سوسائٹی میں امام مہدی پارک اور اسپورٹس گراؤنڈ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے وفاقی حکومت کو محض ’’علامتی اعلانات‘‘ پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ ’’اسلام آباد میں بیٹھ کر کراچی کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ اس شہر کو مسلسل زمینی سطح پر کام اور سنجیدہ مالیاتی عزم کی ضرورت ہے۔‘‘

میئر نے بتایا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) اس سال 28 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرے گی جبکہ 10 ارب روپے ٹاؤن سطح کے منصوبوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

:انہوں نے مزید کہا کہ

 ’’یہ شہر شہریوں کا ہے ٹھیکیداروں کا نہیں۔ بدقسمتی سے وفاقی حکومت کی ترجیحات شہریوں کے بجائے ٹھیکیداروں کے ساتھ جڑی نظر آتی ہیں۔‘‘

میئر نے ماضی کی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے نو برس میں سڑکیں نہیں بنائیں وہ آج عوام کی نمائندگی کے دعوے کر رہے ہیں۔

امام مہدی پارک کے حوالے سے مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ 5.5 ایکڑ پر پھیلی اس زمین کو پہلے کچرے کے ڈھیر کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا مگر اب اسے جدید پارک میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ 15 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے اس پارک میں واکنگ ٹریک، فٹبال اور کرکٹ گراؤنڈز، فلڈ لائٹس اور دیگر تفریحی سہولیات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا:

 ’’جہاں پہلے کچرا تھا، آج وہاں ہریالی ہے۔ یہ شہریوں کے لیے ایک تحفہ ہے اور صدقہ جاریہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ جب نیت صاف ہو تو اللہ مدد کرتا ہے۔ ہم نے وعدے پورے کیے ہیں اور کرتے رہیں گے۔‘‘

میئر کراچی نے اس ترقی کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کا نتیجہ قرار دیا اور یونیورسٹی روڈ پر بی آر ٹی منصوبے، پانی و سیوریج مسائل کے حل اور بارش کے بعد بحالی کے کاموں کو اہم اقدامات میں شامل کیا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ اس سال شہر میں نمایاں تبدیلی دیکھنے کو ملے گی، جس میں انڈرپاسز، فلائی اوورز اور دیرینہ ڈرینیج سسٹم کی تکمیل شامل ہے۔

میئر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے منشور کے مطابق ان کی ٹیم کراچی کے ہر ضلع میں حقیقی اور قابلِ پیمائش تبدیلی لانے کے لیے کام کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں