مخالفین صرف تنقید کرتے ہیں، عملی کام نہیں: مرتضیٰ وہاب کا ٹریمپولین پارک کے افتتاح پر اظہارِ خیال

کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم آج بھی یہی سمجھتی ہے کہ کراچی میں ان کا میئر ہے، شاید اسی لیے شہر میں اب تک ان کے دورِ حکومت کی بدانتظامی کے اثرات نمایاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت کسان شدید مشکلات کا شکار ہیں، وہاں کی حکومت کو دوسروں پر تنقید کے بجائے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔

سفاری پارک میں پاکستان کے سب سے بڑے جدید ’’ٹریمپولین پارک‘‘ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ جھوٹ بولنے والوں پر خدا کی لعنت ہے، ہمیں کسی نے تین سو ارب روپے نہیں دیے، جو الزام لگاتا ہے وہ ثبوت بھی پیش کرے۔

میئر کراچی نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین باتیں تو بہت کرتے ہیں مگر عملی طور پر کچھ نہیں کرتے، ہمارے ترقیاتی منصوبوں پر وہ عدالتوں تک چلے جاتے ہیں لیکن ہم عوامی خدمت کے مشن پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے نہ صرف سندھ بلکہ پورے ملک کا مقدمہ عالمی سطح پر پیش کیا۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خود لاڑکانہ اور دیگر شہروں میں لے جا کر سیلاب متاثرین کی حالتِ زار سے آگاہ کیا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے 21 لاکھ مکانات تعمیر کیے، جو عوامی خدمت کی ایک تاریخی مثال ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ کراچی کی ترقی اور شہریوں کی سہولت کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

متعلقہ خبریں