کراچی و حیدرآباد میں 500 الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان، فضائی آلودگی میں کمی اور جدید ٹرانسپورٹ کا نیا دور شروع ہوگا: شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے پیپلز گرین ٹرانسپورٹ منصوبے کے تحت کراچی اور حیدرآباد میں 500 الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس سے نہ صرف فضائی آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ شہری ٹرانسپورٹ کے نظام میں انقلابی بہتری بھی آئے گی۔

انہوں نے ہفتے کے روز اپنے بیان میں کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد عوام کو آرام دہ، سستی اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنا ہے، تاکہ شہری روزانہ کے سفر میں صاف ستھری اور پائیدار نقل و حمل کے ذرائع استعمال کر سکیں۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ منصوبے کے تحت جدید بس ڈپو، الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز، خودکار کرایہ وصولی نظام اور اسمارٹ مانیٹرنگ نیٹ ورک قائم کیا جا رہا ہے تاکہ صوبے کا ٹرانسپورٹ ڈھانچہ عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی یہ کوشش شہری سہولیات کی فراہمی، روزگار کے مواقع میں اضافہ، سرمایہ کاری کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کے نفاذ کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ٹرانسپورٹ، توانائی، ماحولیات اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت متعدد اہم منصوبے جاری ہیں جو سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں میں معاشی ترقی اور سہولیات میں بہتری کا باعث بن رہے ہیں۔

ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے شرجیل میمن نے بتایا کہ جامشورو اور مٹیاری میں 41 ہزار ہیکٹر رقبے پر دریائی جنگلات (Riverine Forests) لگانے کا منصوبہ بھی شروع کیا گیا ہے، جو کاربن کے اخراج میں کمی اور قدرتی ماحولیاتی توازن کی بحالی کے لیے ایک تاریخی اقدام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ صوبے میں زرعی شعبے کی جدید کاری کے لیے بھی عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں ٹھٹھہ میں ٹماٹر کلسٹر پروسیسنگ پلانٹ کے قیام اور صوبے بھر میں چاول و گندم کی مشینی کاشت کے منصوبوں کے لیے فزیبلٹی اسٹڈیز جاری ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز گرین ٹرانسپورٹ اور دیگر ترقیاتی منصوبے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کی قیادت کے وژن کے مطابق ہیں، جن کا مقصد سندھ کو ترقی، جدیدیت اور ماحولیاتی پائیداری کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ منصوبے صرف سفری سہولیات نہیں بلکہ ایک صاف، جدید اور خوشحال سندھ کے خواب کی تعبیر ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں