شہری کی غیر قانونی حراست پرتفتیشی افسر گرفتار
قصور: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عیسیٰ خان سکھیرا نے دو شہریوں کو غیر قانونی حراست میں رکھنے اور ان سے قیمتی اشیا چھیننے کے الزام میں ایک تفتیشی افسر کو گرفتار کر کے اسی تھانے میں بند کرا دیا جہاں وہ تعینات تھا۔
منگل کو ہونے والی کھلی کچہری کے دوران قادرآباد کے رہائشی عمر فاروق اور محمد آصف نے ڈی پی او کو شکایت کی کہ تفتیشی افسر دوست محمد نے انہیں تھانہ صدر میں غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس افسر نے ان سے مہنگے موبائل فون اور نقد رقم بھی چھین لی۔
شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈی پی او نے ایس ایچ او کو ہدایت کی کہ افسر کے دفتر میں موجود الماری کی تلاشی لی جائے۔ تلاشی کے دوران شہریوں کی اشیا برآمد ہو گئیں۔
اس پر ڈی پی او نے تفتیشی افسر دوست محمد کو فوری طور پر گرفتار کرنے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔