چشتیاں میں ہلکی بارش، انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے نکاسی آب کا نظام مکمل ناکام

چشتیاں(نمائندہ مقامی حکومت) چشتیاں میں ہلکی سی بارش نے شہر کی نااہل انتظامیہ اور انکی کارکردگی پر سوال اٹھا دیے ہیں۔ چشتیاں میں حالیہ بارش نے شہری انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کی کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا ھے جس پہ شہری حلقوں میں کڑی تنقید کی جا رہی ھے۔گوکہ بارش کا برسنا لوگوں کے لئے باعث رحمت ھوتا ھے لیکن یہاں صورت حال بالکل مختلف ھے۔ بارش کے چند قطروں کے بعد ہی شہر کے اہم چوکوں، چوراہوں اور مرکزی شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مقامی افراد کے مطابق گلی محلوں کی صورتحال تو پہلے ہی ابتر تھی، تاہم اب شہر کے مرکزی علاقوں میں بھی سیوریج کا نظام ناکام دکھائی دیتا ھے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے دعوے اور حالیہ اقدامات محض نمائشی ثابت ہوئے ہیں جبکہ عملی طور پر کوئی مؤثر بہتری نظر نہیں آئی۔مزید برآں، شہری حلقوں میں اس بات پر بھی تشویش پائی جاتی ہے کہ

مقامی سیاسی راہنماوں کی جانب سے مختلف مواقع پر ترقیاتی کاموں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیاجاتارہا ھے۔

جبکہ زمینی حقائق اس کے بالکل برعکس ہیں۔ مقامی عوامی نمائندوں اور میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران پر الزام ہے کہ وہ بنیادی مسائل کے حل کے بجائے نمائشی سرگرمیوں پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ چشتیاں شہر میں نکاسی آب کے نظام کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے اور حالیہ صورتحال کی غیر جانبدارانہ انکوائری کےذریعے ذمہ داران کا تعین کرکے انکے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ مون سون کی بارشوں میں صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں