چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمدیوسف نے نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں می کام کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے اختیار سے بڑھ کر عوامی خدمت انجام دے رہے ہیں، اور آج ہماری کارکردگی کی بدولت دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی اپنے حلقوں میں کام کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔دورے کے دوران یو سی 2چیئرمین احمر خان وائس چیئرمین فیضان قریشی، کونسلرز اور بلدیاتی افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ چیئرمین محمد یوسف نے موقع پر موجود عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے الیکشن سے قبل عوام سے جو وعدے کیے تھے، انہیں نبھانے کے لیے عملی قدم اٹھا رہے ہیں۔ اس وقت 5A4 یو سی 2 کی گلیوں میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ سیکٹر کی تمام 38 گلیوں کو پیور بلاک لگا کر مکمل طور پر پختہ کیا جائے تاکہ عوام کو برسوں سے درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے مکینوں کو شکوہ تھا کہ گزشتہ پندرہ، بیس سال سے ان کے علاقے کی سڑکیں اور گلیاں خستہ حال ہیں، مگر اب ہم نے وعدے کے مطابق کام کا آغاز کر دیا ہے۔ سوئی گیس کمپنی کے کام مکمل ہوتے ہی ہم نے اپنی بلدیاتی منصوبہ بندی کے تحت فوری طور پر سڑکوں کی تعمیر شروع کر دی۔ سوئی گیس کمپنی کی جانب سے جو رقم سڑکوں اور گلیوں کی مرمت کے لیے نیو کراچی ٹاؤن کو ادا کی گئی، ہم اسے عین اسی مقصد کے لیے خرچ کر رہے ہیں تاکہ عوام کی روز مرہ زندگی میں آسانی پیدا ہو۔چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ 5A4 یو سی 2 سیکٹر اپنے علاقے کے ہر مکین کا خیال رکھتی ہے اور سیوریج، پانی اور دیگر بلدیاتی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ یہ کمیٹی علاقے کی اصل روح کی نمائندہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پہلے مرحلے میں نیو کراچی ٹاؤن میں 600 گلیوں کی تعمیر و پختگی کا ہدف مقرر کیا ہے، جو انشاء ا للہ وقت مقررہ پر مکمل کر لیا جائے گا۔ اس کے بعد دوسرے مرحلے میں مزید 600 گلیوں کو پختہ کرنے کا کام شروع کیا جائے گا۔ اسی طرح سڑکوں کی استرکاری اور بہتری کے لیے بھی منصوبے جاری ہیں۔چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ یہ کام کر کے ہم عوام پر احسان نہیں کر رہے بلکہ عوام کے ٹیکس کے پیسے عوام پر ہی خرچ کر رہے ہیں، تاکہ ان کی زندگی آسان اور سہولت بھری بنائی جا سکے۔ ہم جب اپنی معیاد مکمل ہونے کے بعد عوام کے درمیان واپس آئیں گے تو فخر سے سر اٹھا کر آئیں گے، کیونکہ ہم نے ایمانداری کے ساتھ اپنے وسائل سے بڑھ کر کام کیا ہے۔محمد یوسف نے بتایا کہ میں جس مقام پر کھڑا ہوں، یہاں ماضی میں ایک گراؤنڈ ہوا کرتا تھا جو کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا تھا، اور لوگ بھول گئے تھے کہ کبھی یہاں نوجوان کھیلتے تھے۔ ہم اس مقام کو دوبارہ ایم سی سی گراؤنڈ کی صورت میں بحال کر کے ایک خوبصورت پارک میں تبدیل کریں گے تاکہ علاقے کے عوام کو شام کے وقت معیاری اور صحت مند تفریح گھر کے دروازے پر میسر آ سکے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن نیو کراچی ٹاون کو صاف ستھرا، پختہ اور جدید سہولتوں سے آراستہ علاقہ بنانا ہے، اور اس کے لیے ہم دن رات کوشش کررہے ہیں۔