بہاولنگر: اینٹی کرپشن کا بڑا ایکشن، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کے دفتر کے دو ملازمین 20 ہزار روپے رشوت لیتے گرفتار

بہاولنگر (رپورٹ: عامر سہیل): اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بہاولنگر نے رشوت ستانی کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بہاولنگر کے دفتر کے دو ملازمین کو مبینہ طور پر 20 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق کارروائی مسماۃ رضیہ بشیر زوجہ مشتاق علی، قوم ملک، سکنہ اڈہ گجیانی، بہاولنگر کی درخواست پر عمل میں لائی گئی۔ درخواست گزار نے الزام عائد کیا تھا کہ متعلقہ ملازمین سرکاری کام انجام دینے کے عوض ان سے رشوت کا مطالبہ کر رہے تھے۔

ترجمان کے مطابق عدالت سے پیشگی اجازت حاصل کرنے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ دفعہ 30 بہاولنگر، جناب اظہر جاوید کی نگرانی میں سرکل آفیسر اینٹی کرپشن ملک محمد اکرم زکی اور ان کی ٹیم نے چھاپہ مار کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران دونوں ملازمین کو مبینہ طور پر 20 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔

اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ بدعنوانی کے متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

حکام نے واضح کیا کہ سرکاری اداروں میں کرپشن، رشوت ستانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کو شفاف، میرٹ پر مبنی اور مؤثر سرکاری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

متعلقہ خبریں