امریکہ کےشہراوماہامیں ’’میٹروفلیکس‘‘ ایپ پرمبنی آن ڈیمانڈپبلک ٹرانسپورٹ سروس کاآغاز

اوماہا (امریکہ)  نیبراسکا کے سب سے بڑے شہر اوماہا نے اپنی پہلی ایپ پر مبنی ’’آن ڈیمانڈ‘‘ پبلک ٹرانسپورٹ سروس متعارف کرا دی ہے جس کا مقصد بس نیٹ ورک میں موجود خلا کو پُر کرنا اور شہریوں کو زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔ ریجنل میٹروپولیٹن ٹرانزٹ اتھارٹی آف اوماہا کی جانب سے چلائی جانے والی یہ سروس ’’میٹرو فلیکس‘‘ کہلاتی ہے، جو شہر کے بسوں، ریپڈ بس ٹرانزٹ اور پیراٹرانزٹ سروسز کے ساتھ منسلک ایک لچکدار "پہلا اور آخری میل” ٹرانسپورٹ حل فراہم کرے گی۔ اوماہا کے میئر جان ایونگ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میٹرو فلیکس کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ ریئل ٹائم میں آن ڈیمانڈ سروس فراہم کرتی ہے۔ یہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا ایک جدید اور اہم حل ہے۔ ٹرانسپورٹ کسی کے لیے رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے اور میں شکر گزار ہوں کہ میٹرو ٹرانزٹ نے اس ضرورت کو پہچانا اور عملی قدم اٹھایا۔‘‘ یہ دو سالہ پائلٹ منصوبہ، جو فلاحی فنڈنگ کے تعاون سے شروع ہوا ہے، 13 اگست کو لانچ کیا گیا۔ ابتدائی طور پر یہ سروس شمالی، جنوبی اور مغربی اوماہا کے تین زونز میں دستیاب ہوگی۔ مسافر اپنی سواری ’’میٹرو فلیکس او ایم اے‘‘ موبائل ایپ یا فون کے ذریعے بک کر سکتے ہیں۔ بکنگ کے بعد، ایک ہی سمت میں سفر کرنے والے مسافروں کو اکٹھا کر کے زیادہ تیز اور مؤثر سفر ممکن بنایا جائے گا۔ کرایہ 15 اکتوبر سے صرف 3 ڈالر ہوگا جبکہ پہلے دو ماہ یہ سروس مفت فراہم کی جائے گی۔ اس کرایے میں عام بس سروسز کے لیے منتقلی بھی شامل ہوگی۔ ریجنل میٹروپولیٹن ٹرانزٹ اتھارٹی کے بورڈ چیئر کرٹ سائمن نے کہا کہ ’’میٹرو فلیکس ٹیکنالوجی کی بہترین صلاحیتوں کو عوامی ٹرانسپورٹ کے وعدوں کے ساتھ جوڑتا ہے۔ یہ سروس اوماہا اور گردونواح کے لیے ترقی کا نیا دروازہ کھولے گی، کیونکہ یہ شہریوں کو ملازمت، تعلیم، صحت اور دیگر سہولتوں تک پہنچنے میں آسانی فراہم کرے گی۔‘‘ یہ سروس پیر تا جمعہ صبح 6 بجے سے رات 9 بجے تک، ہفتہ کو صبح 7 بجے سے رات 8 بجے تک اور اتوار کو صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک دستیاب ہوگی۔ تمام گاڑیاں وہیل چیئر کے لیے موزوں ہیں اور ان میں بائیک ریکس بھی نصب ہیں۔ شرط یہ ہے کہ سفر کا آغاز اور اختتام ایک ہی زون میں ہو، تاہم بس کنکشن کے ذریعے آگے کا سفر ممکن ہوگا۔ یہ اوماہا میں پہلی مرتبہ کسی مائیکروٹرانزٹ طرز کی مربوط سروس متعارف کرائی گئی ہے، جو میونسپل نگران اداروں اور فلاحی اداروں کی شراکت داری سے چلائی جا رہی ہے۔

اس موقع پر یہ بھی واضح کیا گیا کہ اوماہا میں میٹرو فلیکس کی آپریٹنگ پارٹنر کمپنی وایا (Via) نے ایک نیا نظام ’’وایا انٹیلیجنس‘‘ متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے ٹرانزٹ ایجنسیز اپنی سروسز کی منصوبہ بندی اور آپریشنل فیصلے بہتر طریقے سے کر سکیں گی۔ یہ سسٹم بڑے پیمانے پر ٹرانزٹ ڈیٹا استعمال کر کے شیڈولنگ، نیٹ ورک پلاننگ اور سروس کی بہتری کے لیے سفارشات فراہم کرتا ہے۔ اس ٹول کو امریکہ اور کینیڈا کے کئی شہروں میں آزمایا جا چکا ہے۔ ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ میں اس نے معذور افراد کے لیے ADA پیراٹرانزٹ سروس میں فی گھنٹہ زیادہ سفر ممکن بنایا اور طویل سفر کے اوقات میں کمی کی۔ برٹش کولمبیا (کینیڈا) میں BC ٹرانزٹ نے اس ٹول کے ذریعے پیشگی ٹریول ٹائم ماڈلنگ استعمال کی، جس سے ٹائم ٹیبلز اور بجٹ کی پیش گوئی میں بہتری آئی۔ ایک بڑے امریکی ٹرانزٹ ایجنسی نے اس کے ذریعے کووِڈ کے بعد کے دور میں نیا نیٹ ورک ڈیزائن ٹیسٹ کیا، تاکہ لوگوں کی حقیقی سفری عادات کو مدنظر رکھ کر طویل انتظار کے اوقات کو کم کیا جا سکے اور مخصوص علاقوں میں سواری بڑھائی جا سکے۔ وایا کے مطابق اس کا مقصد شہروں کو یہ صلاحیت دینا ہے کہ وہ کسی بھی فیصلے سے پہلے اس کے ممکنہ اثرات کو سمجھ سکیں، اور عوامی ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس کو حقیقی سفری رویوں کے مطابق بہتر بنا سکیں۔

متعلقہ خبریں