ماہرین نے پاکستان واٹر سٹیورڈ شپ کانفرنس 2026 میں پانی کے بحران کے حل کے لیے اجتماعی اقدامات پر زور دیا
اسلام آباد : حکومت، صنعت، تعلیمی اداروں اور ڈونر کمیونٹیز کے رہنماؤں نے پانی کے بحران سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔ یہ بات پاکستان واٹر سٹیورڈ شپ کانفرنس 2026 کے دوران کہی گئی جو 31 مارچ سے 1 اپریل تک اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
یہ کانفرنس ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان، پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز اور اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے منعقد کی گئی تھی جس کا فوکس پاکستان میں بڑھتی ہوئی موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرے کے پیش نظر تازہ آبی وسائل کے تحفظ اور لچکدار کمیونٹیز کی تعمیر پر تھا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی ہم آہنگی کے ڈائریکٹر جنرل آصف صاحبزادہ نے کہا کہ پاکستان اب بھی موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی دو دہائیوں کے دوران ہم نے بار بار شدید موسمی واقعات اور بڑے اقتصادی نقصانات کا سامنا کیا ہے۔ انہوں نے 2025 کے تباہ کن سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے اندازاً 40 سے 70 لاکھ افراد متاثر ہوئے تھے۔
آصف صاحبزادہ نے کہا کہ پانی کا تحفظ کسی ایک ادارے کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس کے لیے اجتماعی عمل درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی کانفرنس جیسے پلیٹ فارم شراکت داری قائم کرنے، علم کے اشتراک اور پائیدار پانی کے انتظام کے لیے قابل توسیع حل تلاش کرنے کے لیے ضروری ہیں۔
ڈی جی اور سی ای او ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان حماد نقی نے زور دیا کہ پائیدار پانی کا انتظام حکومت، صنعت اور کمیونٹیز کے مابین مضبوط تعاون کا متقاضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی حل اور ذمہ دارانہ پانی کا استعمال موسمیاتی لچک پیدا کرنے کی کنجی ہیں۔
ڈائریکٹر ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان تازہ پانی پروگرام سہیل علی نقوی نے کہا کہ پانی کے خطرات حکومتوں، صنعتوں اور کمیونٹیز کو یکساں طور پر متاثر کرتے ہیں اور انہیں تنہا کوششوں سے حل نہیں کیا جا سکتا۔
پی سی آر ڈبلیو آر کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حفصہ رشید نے پاکستان میں پانی کے نظام حکمرانی کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ سینئر ڈائریکٹر پروگرامز ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان ڈاکٹر مسعود ارشد نے کہا کہ پانی پاکستان کا مستقبل ہے اور چیلنجز سنگین ہیں لیکن حل اجتماعی عمل کے ذریعے ہماری پہنچ میں ہیں۔
کانفرنس میں مربوط آبی وسائل کے انتظام، پائیدار زراعت، شہری پانی کی لچک اور صنعتی پانی کے تحفظ پر کلیدی سیشنز شامل تھے۔