چشتیاں: جعلی حاضری، اصل تنخواہ

ان تمام معاملات میں ایک مقامی سیاسی شخصیت کی پشت پناہی بھی شامل ہے جس کی وجہ سے محکمہ تعلیم کے افسران نے بھی خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔

چشتیاں (رانا عبدالرشید) چشتیاں کے متعدد سرکاری اسکولوں میں انتظامی بدعنوانی کا انکشاف ہوا ہے، جہاں بااثر اساتذہ جعلی دستاویزات کے ذریعے اپنی غیر حاضری کو حاضری میں تبدیل کروا کر لاکھوں روپے کی تنخواہیں وصول کر چکے ہیں۔

گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول حسین کالونی کا ایک سینئر استاد اکثر اوقات بیرونِ ملک مقیم رہتا ہے، تاہم اسکول کے ریکارڈ میں اس کی حاضریاں مکمل ظاہر کی گئی ہیں۔ عوامی شکایات پر تنخواہ تو واپس کر دی گئی، لیکن کسی قسم کی باضابطہ کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

ذرائع کے مطابق یہ تمام معاملات مقامی سیاسی شخصیات کی پشت پناہی سے جاری ہیں، جن کی مداخلت کے باعث محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

مزید معلومات کے مطابق، ہیڈ ماسٹر کی ملی بھگت سے حاضری رجسٹر میں خالی خانے رکھے جاتے ہیں تاکہ بعد ازاں ان میں جعلی حاضریاں بھر کر تنخواہیں نکلوائی جا سکیں۔

عوامی و سماجی حلقوں نے وزیر تعلیم سکندر حیات سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر شفاف انکوائری کرائی جائے اور بااثر مگر بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

متعلقہ خبریں