عوام کو فوری اور سستی تفریح کی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے: محمد یوسف چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن

کراچی (نمائندہ مقامی حکومت)چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کایونین کمیٹی نمبر 12 کے پارکوں کا دورہ۔ پارکس و پلے گراؤنڈزمیں مرمت طلب کاموں کی نشاندہی اور اُن کی فوری تزئین و آرائش کے احکامات۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر اور ڈائریکٹر باغات آفتاب احمد کے ہمراہ عوامی سہولیات اور تفریحی مقامات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے یونین کمیٹی نمبر 12 نارتھ کراچی کے مختلف پارکس و پلے گراؤنڈز کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے گل لالا پارک سیکٹر 11-A ، شفیق الرحمن عثمانی پارک اینڈ گراؤنڈ، رحمانیہ پارک میں مرمت طلب کاموں کا جائزہ لیا۔اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ان پارکوں کی بحالی اور مرمت کے ساتھ بچوں کی تفریح کے لئے موجود جھولوں کی خرابیوں کو دور کیا جائے تاکہ پارک میں تفریح کے لئے آئے بچوں کو مایوسی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقع پر چیئرمین محمد یوسف نے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو فوری اور سستی تفریح کی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔منتخب نمائندے شروع دن سے ہی عوام کو شگوار اور صحت مند ماحول کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارکس کی مکمل تزئین و آرائش اورسبزہ زار کی بحالی کے بعد خوبصورت پودے اور موسمی پھول لگائے جائیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔اسی کے ساتھ پارکوں میں روشنی اور صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات کئے جائیں تاکہ عوام پرسکون ماحول میں وقت گزار سکیں انہوں نے مزید کہا کہ پارکس عوام کا اثاثہ ہیں اور ان کی بحالی کے بغیر شہر کی خوبصورتی ممکن نہیں نیو کراچی کے ہر سیکٹر میں پارکس کی بحالی اور تفریحی مقامات کی بہتری کے لیے ٹاؤن انتظامیہ متحرک ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں مثبت تبدیلیاں نظر آئیں گی۔عوامی حلقوں نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ تفریحی سہولیات کی فراہمی سے علاقہ مکینوں کو بہتر ماحول میسر آسکے گا۔

متعلقہ خبریں