ورلڈ بینک کے پراجیکٹ کلک کے تعاون سے نیو کراچی ٹاؤن کے دفاتر کی جدید عمارت کی تعمیر

کراچی (نمائندہ مقامی حکومت) نیو کراچی ٹاؤن کےچیئرمین محمد یوسف کی قیادت میں ورلڈ بینک کے ادارے کلک کے تعاون سے نیو کراچی ٹاؤن میں جدید عمارت کی تعمیر،چیئرمین محمد یوسف نے میونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ،وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ نئی عمارت کی تعمیر کا باضابطہ سنگِ بنیاد رکھا، اس موقع پر XEN بی اینڈ آر اشتیاق حُسین،انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر،انجینئربی اینڈ آر ساجد صدیقی،انجینئر صفدر حُسین و دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ولڈ بینک کے ادارے کلک کی نیو کراچی ٹاؤن میں انفرا اسٹریکچرکی بحالی کے کاموں میں خصوصی دلچسپی پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔آج کلک کے تعاون سے نیو کراچی ٹاؤن کے مرکزی دفتر میں نئی عمارت کی تعمیر کا باضابطہ افتتاح کردیا گیا ہے جس کی تعمیر کا عمل جلد از جلد مکمل کرلیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جدید عمارت کی تعمیر سے عوامُ الناس کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ مزید تیز ہوجائے گا کیونکہ نئی عمارت میں عوام کے لئے ویٹنگ ایریا،جدید معلوماتی کاؤنٹربھی بنایا جارہا ہے جس کا مقصد عوامی مسائل کے فوری حل اور بلدیاتی سہولیات کو مزید فعال و مؤثر بنانا ہے۔چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ کلک Competitive & Livable City Of Karachi کا شمار ان اداروں میں ہوتا ہے جو شہر کراچی میں بلدیاتی اداروں کے ساتھ مل کر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی عوام برسوں سے ایک باقاعدہ اور جدید بلدیاتی دفتر کی سہولت سے محروم تھی، جس کی وجہ سے عوام کو مسائل کے حل کے لیے دشواری کا سامنا تھا۔ اب اس منصوبے کی تکمیل کے بعد شہریوں کو ایک چھت تلے اپنی شکایات کے اندراج، مسائل کے فوری حل اور بلدیاتی خدمات کی فراہمی کا مؤثر نظام میسر آ سکے گا۔میونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی موجودہ انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور اس منصوبے کی تعمیر اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی عمارت میں جدید دفتری سہولیات کے ساتھ ساتھ عوام کے لیے استقبالیہ، شکایتی سیل،کانفرنس ہال اور دیگر ضروری دفاتر بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ ایک منظم اور خوشگوار ماحول میں بلدیاتی امور انجام دیے جا سکیں۔وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے کہا کہ اس منصوبے کی بدولت عوام کا براہِ راست رابطہ بلدیاتی نمائندوں سے مزید بہتر ہوگا، اور شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے میں آسانی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کلک کا تعاون نیو کراچی ٹاؤن کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی اس ادارے کا تعاون ترقیاتی منصوبوں میں جاری رہے گا۔تقریب کے شرکاء نے ورلڈ بینک کے ادارے کلک کی خدمات اور نیو کراچی ٹاؤن کے منتخب نمائندوں اورٹاؤن انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبے نیو کراچی ٹاؤن کے مکینوں کی اشد ضرورت ہے۔ شہریوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے مزید ترقیاتی کاموں کا تسلسل جاری رہے گا، تاکہ نیو کراچی ترقی یافتہ اور سہولت یافتہ علاقہ بن سکے۔واضح رہے کہ کلک (CLICK) کا شمار اُن اداروں میں ہوتا ہے جو شہر بھر میں بلدیاتی نظام کی بہتری اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبوں میں حکومت اور بلدیاتی اداروں کا ساتھ دے رہا ہے۔ اس ادارے کا تعاون نہایت خوش آئند اور عوامی خدمت کے جذبے کا مظہر ہے۔

متعلقہ خبریں