کراچی کو میگا سٹی کا درجہ اور بااختیار شہری حکومت دی جائے،مئیر کا انتخاب براہ راست اور متناسب نمائندگی کی بنیادپر ایک تہائی نمائندگی دی جائے: حافظ نعیم الرحمن ناظم جماعت اسلامی کراچی

وزیر بلدیات کی جانب سے رابطے کے بعد ہم نے بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم کے سلسلے میں تجاویز چیف منسٹر کو ارسال کردی ہیں

کراچی (نمائندہ مقامی حکومت) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ قیمتوں میں بار بار اضافہ کر کے عوام پر پیٹرول،آٹا اورچینی کے بم گرائے جارہے ہیں، پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اورانڈیا کا حوالہ دینا کہاں کی دانشمندی ہے، وزیر اعظم دیگر ممالک سے مہنگی اشیاء کا موازنہ کرتے ہیں لیکن دیگرضروریات زندگی کی قیمتوں کا موازنہ نہیں کرتے، 26 سوارب روپے کا ٹیکس صرف کراچی ادا کرتا ہے تو یہ پیسے کہاں جارہے ہیں،وزیر اعظم کے پاس عوام کے مسائل کو سمجھنے کے لیے اہلیت، صلاحیت کچھ بھی نہیں ہے،بجلی کے یونٹ میں گزشتہ دنوں ایک روپے کا اضافہ کیا گیا اور اب پھر نیپرا قیمتیں بڑھانے کی بات کررہی ہے،ہم مطالبہ کرتے ہیں کراچی کو میگا سٹی حکومت کا درجہ اوربااختیار شہری حکومت دی جائے،مئیر کا انتخاب براہ راست کیا جائے اور اس کے ساتھ ایک تہائی نمائندگی متناسب نمائندگی کی بنیاد پر دی جائے،شہری سہولیات کے تمام ادارے مئیر کے ماتحت کیے جائیں،کراچی میں بھی آبادی کے تناسب کے لحاظ سے یونین کونسل کی تعداد بڑھائی جائیں،وزیر بلدیات کی جانب سے رابطے کے بعد ہم نے بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم کے سلسلے میں تجاویز چیف منسٹر کو ارسال کردی ہے،جماعت اسلامی کے رکن صوبائی اسمبلی سید عبد الرشید جلد سندھ اسمبلی میں بلدیاتی ترامیم کو قرارداد کی صورت میں پیش کریں گے،ملیر میں ناظم جوکھیو وڈیرے جام اویس کے ہاتھوں مارا گیا،جماعت اسلامی ناظم جوکھیو کے اہل خانہ کے ساتھ ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ ناظم جوکھیو کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے پھانسی دی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امراء جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی،راجا عارف سلطان، امیر ضلع جنوبی ورکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید، امیر ضلع قائدین سیف الدین ایڈوکیٹ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ ہم بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم کے حوالے سے مزید تفصیلات عوام کے سامنے جلد پیش کریں گے،کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے لیکن پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کوئی بھی شہرکی اونر شپ لینے کو تیار نہیں ہے،اربوں روپے ٹیکس وصول کرنے کے بعد وفاقی حکومت 80 بسیں خیرات کے طور پر دے کر احسان کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی اندھا دھند مہنگائی اور اس پر حکمرانوں کی ڈھٹائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیاہے،انڈیا کی مثالیں تو دی جاتی ہیں لیکن یہ نہیں بتایا جاتا کہ وہاں سرکاری یونیورسٹیز میں معمولی فیس وصول کی جاتی ہے جبکہ پاکستان کے پروفیشنل تعلیمی ادارے لاکھوں روپے فیس وصول کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم ہر چیز کا حساب ڈالر سے کررہے ہوتے ہیں،جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پہلے ڈالر کی قیمت بڑھاتے ہیں اور پھر خود ہی مہنگائی میں اضافہ کرتے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن کا ایجنڈا مہنگائی اور بے روزگاری نہیں بلکہ قیادت بچاؤ،مقدمات ختم کروتحریک ہے،اپوزیشن اور حکومت مل کر عوام کو لوٹ رہے ہیں اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے کچھ نہیں کررہے،امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف تحریک چلائی جارہی ہے،جماعت اسلامی کراچی میں بھی ہر سطح پر ان ظالمانہ اقدامات کے خلاف تحریک چلائے گی۔#

متعلقہ خبریں