پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر سے 15 جنوری کے درمیان کرانے کی تجویز، الیکشن کمیشن کی اصولی منظوری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): پنجاب حکومت نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر سے 15 جنوری کے درمیان کرانے کی تجویز دی ہے، جس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اصولی طور پر اتفاق کر لیا ہے۔ اجلاس میں انتخابات مرحلہ وار کرانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا تاکہ سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات کو بہتر انداز میں یقینی بنایا جا سکے۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں صوبائی حکومت نے 15 دسمبر سے 15 جنوری کے درمیان انتخابات کرانے کی تجویز پیش کی۔ الیکشن کمیشن نے مجوزہ مدت کے دوران انتخابات کرانے سے اصولی اتفاق کیا۔
اجلاس میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ حکام کے مطابق مرحلہ وار انتخابات کا مقصد انتخابی عمل کے بہتر انتظام، سیکیورٹی کی مؤثر فراہمی اور انتظامی امور کو زیادہ منظم انداز میں مکمل کرنا ہے۔
الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ دسمبر اور جنوری میں انتخابات کرانے کی صورت میں طلبہ کے امتحانات مکمل ہو چکے ہوں گے جبکہ دھند کی شدت بھی نسبتاً کم ہوگی۔ اس کے علاوہ تدریسی عملہ بھی انتخابی ڈیوٹی کے لیے دستیاب ہوگا۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ الیکشن کمیشن نے متعلقہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے تفصیلی پلان جلد پیش کیا جائے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اجلاس میں پیش کی جانے والی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 140-A کے تحت بلدیاتی انتخابات کرانا آئینی تقاضا ہے، جبکہ متعلقہ قانون کے تحت مقامی حکومتوں کی مدت ختم ہونے کے بعد 120 دن کے اندر انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔