بلوچستان،32اضلاع میں یوسیز، مونسپل کارپوریشن اور کمیٹیوں کی مخصوص نشستوں پر بلدیاتی انتخابات14 دسمبر کو ہونگے۔

کراچی(نمائندہ مقامی حکومت)الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے 32 اضلاع کی تمام یونین کونسلوں، میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں(ماسوائے ضلع کوئٹہ، لسبیلہ، حب اور میونسپل کمیٹی حرمزئی ضلع پشین) کی مخصوص نشستوں(خواتین، مزدور، کسان اور غیر مسلم ) کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا ،انتخابات دسمبر میں ہونگے۔شیڈول کے مطابق امیدواروں سے کاغذات نامزدگی 7 سے 9 نومبر 2022 تک وصول کئے جائیں گے اور امیدواروں کی ابتدائی فہرست 10 نومبر کو جاری ہو گی۔شیڈول کے مطابق امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 11 سے 14 نومبر تک کی جائے گی، ریٹرنگ آفسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 15 سے 17 نومبر تک داخل کی جا سکیں گی جن پر اپیلیٹ اتھارٹی فیصلے 22 نومبر تک کریں گی جس کے بعد امیدواروں کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ اور امیدواروں کی حتمی فہرست 25 نومبر کو جاری کی جائے گی۔ شیڈول کے مطابق مخصوص نشستوں پر پولنگ 14 دسمبر 2022 کو ہو گی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایک اور بیان کے مطابق بلوچستان کے دو اضلاع لسبیلہ اور حب کے معطل شدہ انتخابی شیڈول کی بقیہ ماندہ انتخابی سرگرمیوں کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے۔شیڈول کے مطابق امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال یکم سے 4 نومبر تک کی جائے گی۔ ریٹرنگ آفسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 7 سے 9 نومبر تک داخل کی جا سکیں گی۔ جن پر اپیلیٹ اتھارٹی فیصلے 12 نومبر تک کریں گی۔ جس کے بعد امیدواروں کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ اور امیدواروں کی حتمی فہرست 16 نومبر کو جاری کی جائے گی۔شیڈول کے مطابق پولنگ 11 دسمبر 2022 کو ہو گی اسی طرح الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان کے ضلع پشین کی میونسپل کمیٹی حرمزئی کے پہلے مرحلے کے انتخابات کیلئے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

متعلقہ خبریں