چشتیاں میں 2 سینٹری ورکرز کی ہلاکت پر وزیراعلیٰ پنجاب کا سخت نوٹس، غفلت ثابت ہونے پر کارروائی کا حکم

صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کا متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت اور یکجہتی کے لیے چشتیاں کا ہنگامی دورہ

چشتیاں (عامر سہیل سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چشتیاں میں سیوریج لائن کی صفائی کے دوران زہریلی گیس سے دو سینٹری ورکرز کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے شفاف اور جامع تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ دوسری جانب صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت اور یکجہتی کے لیے چشتیاں کا ہنگامی دورہ کیا۔

صوبائی وزیر نے جاں بحق سینٹری ورکرز کے گھروں جا کر اہل خانہ سے ملاقات کی، ان کے دکھ میں شریک ہوئے اور مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ حکومت پنجاب انہیں اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن مالی و انتظامی تعاون فراہم کیا جائے گا۔

رمیش سنگھ اروڑہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اگر کسی سرکاری اہلکار، متعلقہ ادارے یا ٹھیکیدار کی غفلت یا کوتاہی ثابت ہوئی تو اس کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھی جانچا جا رہا ہے کہ آیا میونسپل کمیٹی چشتیاں کی جانب سے سیوریج لائنوں کی صفائی کے دوران حفاظتی اصولوں، ایس او پیز اور ضروری حفاظتی آلات کے استعمال کو یقینی بنایا گیا تھا یا نہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق عملے کو مناسب حفاظتی سامان فراہم نہ کیے جانے کے خدشات سامنے آئے ہیں، جس کے باعث یہ المناک سانحہ پیش آیا۔

صوبائی وزیر نے زور دیا کہ انسانی جانوں کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے سیوریج لائنوں کی صفائی کے دوران جدید مشینری، حفاظتی کٹس، گیس ڈیٹیکٹرز اور دیگر حفاظتی اقدامات کو لازمی بنایا جائے۔

انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ حکومت اس کیس کی مسلسل نگرانی کرے گی، انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں