پنجاب نے دادوچہ ڈیم واٹر ٹریٹمنٹ اور سپلائی منصوبے کے لیے 36 ارب روپے منظور کرلیے

راولپنڈی: پنجاب حکومت نے دادوچہ ڈیم پر سطحی پانی کے ٹریٹمنٹ پلانٹ اور واٹر سپلائی سسٹم کی تعمیر کے لیے 36 ارب روپے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے، جس سے راولپنڈی کو روزانہ 35 ملین گیلن صاف پانی فراہم کیا جاسکے گا۔

محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق منصوبہ دسمبر 2029 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد شہر کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پینے کے پانی کا ایک پائیدار ذریعہ تیار کرنا اور پانی کی ترسیل و تقسیم کا نظام بہتر بنانا ہے۔

منصوبے کے تحت واسا راولپنڈی واٹر سپلائی انفراسٹرکچر تعمیر کرے گا۔ ڈیم میں پانی دستیاب ہونے کے بعد صاف کیے گئے پانی کو راولپنڈی تک پہنچانے کے لیے ٹرانسمیشن لائن اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک بھی تیار کیا جائے گا۔

محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق سیکریٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے واسا راولپنڈی کے ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر سہیل اسلم کو دادوچہ ڈیم سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور واٹر سپلائی سسٹم منصوبے کا پراجیکٹ ڈائریکٹر مقرر کیا ہے۔

سیکریٹری ہاؤسنگ نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو متعلقہ محکموں اور اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے اور منصوبے پر عملدرآمد کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی۔ انہوں نے مقررہ مدت کی سختی سے پابندی اور منصوبے کے تمام اجزا کو مربوط انداز میں آگے بڑھانے پر بھی زور دیا۔

محکمہ ہاؤسنگ کا کہنا ہے کہ روزانہ 35 ملین گیلن اضافی صاف پانی کی فراہمی سے راولپنڈی میں پینے کے پانی کی فراہمی مزید قابلِ اعتماد ہوگی۔

حکام کے مطابق منصوبے کی منظوری شہر کی بڑھتی ہوئی پانی کی ضروریات اور پینے کے پانی کے لیے زیادہ پائیدار ذرائع کی ضرورت کے پیش نظر دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی صوبے میں صاف پانی کی فراہمی کو ترجیح دینے اور پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے علاقوں میں واٹر سپلائی منصوبوں کو تیز کرنے کی ہدایات دے چکی ہیں۔

محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق دادوچہ منصوبہ ڈیم کے پانی کو راولپنڈی کے میونسپل واٹر سپلائی نیٹ ورک میں شامل کرنے کے لیے ضروری ٹریٹمنٹ، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن انفراسٹرکچر فراہم کرے گا۔

یہ منصوبہ راولپنڈی میں پانی اور سینی ٹیشن کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے پنجاب حکومت کے وسیع تر ترقیاتی پروگرام کا بھی حصہ ہوگا۔

متعلقہ خبریں