راولپنڈی میں پبلک ٹرانسپورٹ میں کیو آر پینک بٹن اور جی پی ایس ٹریکنگ سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ
راولپنڈی: راولپنڈی ٹریفک پولیس نے مسافروں کی حفاظت کو بہتر بنانے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ میں کیو آر پینک بٹن اور جی پی ایس ٹریکنگ سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ میں ‘سی ایم پنجاب کیو آر پینک بٹن’ کی تنصیب کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے سرکل اور سیکٹر انچارجز کو ہدایت کی ہے کہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ میں کیو آر پینک بٹن کی تنصیب کو یقینی بنائیں۔
یہ اقدام پبلک ٹرانسپورٹ کی نگرانی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ حادثات اور دیگر واقعات کی تحقیقات میں پولیس کی معاونت کرے گا۔ ترجمان کے مطابق یہ بٹن راولپنڈی میں بسوں، ویگنوں، رکشوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں نصب کیے جائیں گے۔
سی ٹی او فرحان اسلم نے بتایا کہ ہنگامی صورت حال میں مسافر کیو آر پینک بٹن کے ذریعے فوری طور پر پولیس اور سیف سٹی حکام سے رابطہ کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کے دوران مسافر کا لائیو لوکیشن اور گاڑی کا ڈیٹا فوری طور پر پولیس کو منتقل ہو جائے گا اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ذریعے موصول ہونے والی معلومات کی بنیاد پر بروقت کارروائی کی جائے گی۔
سی ٹی او کا کہنا تھا کہ کیو آر پینک بٹن سسٹم خواتین، طلبہ اور لاکھوں روزانہ مسافروں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ شہری پبلک سیفٹی ایپ اور سیف سٹی ویب سائٹ کے ذریعے مفت کیو آر پینک بٹن حاصل کر سکیں گے۔
اس جدید نظام سے شہریوں کو محفوظ، قابل اعتماد اور بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات سے ٹریفک نظم و ضبط اور عوامی تحفظ میں نمایاں بہتری آئے گی