مستقبل کے معماروں کو بہترتعلیمی ماحول فراہم کرنے کی کوشش کررہےہیں: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف

کراچی (نمائندہ مقامی حکومت) منتخب بلدیاتی نمائندے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔مستقبل کے معماروں کو بہترتعلیمی ماحول فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین محمد یوسف نے نیوکراچی ٹاؤن کے زیر انتظام چلنے والے اسکول کے دورے کے دوران کیا۔اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر،یونین کمیٹی نمبر 10 کے چیئرمین قاری فیصل،یوسی وائس چیئرمین اویس قادری و دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے سیکٹر 11-G ،شیخ سعدی اسکول میں جاری تزین و آرائش کے کام کا معائنہ کیا،اس موقع پر چیئرمین نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تزین و آرائش کے کام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے تاکہ طلباء و طالبات کو بہتر ماحول کی فراہمی ممکن ہوسکے۔چیئرمین محمد یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ دور میں سرکاری بلدیاتی اسکولوں پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے اسکول کی عمارتیں خستہ حالی کا شکارہوئیں جبکہ بلدیاتی اسکولز میں طلباء و طالبات کو بنیادی سہولیات بھی میئسر نہیں تھیں۔جماعت اسلامی کے نمائندوں کو جب عوام نے منتخب کیا اور ہمیں اختیارات ملے تو سب سے پہلے ہم نے نیو کراچی ٹاؤن میں قائم سرکاری بلدیاتی اسکولوں کا دورہ کیا اور ورلڈ بینک کے تعاون سے ان خستہ حال اسکولوں کی تزین و آرائش کا کام شروع کیا، الحمد اللہ نیو کراچی ٹاؤن کے بلدیاتی اسکولوں میں بہتری آرہی ہے جبکہ طلباء و طالبات کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں،آج الحمد اللہ شیخ سعدی اسکول سیکٹر 11-G کی تعمیر نو کے لئے اسکول کی چھت ڈالی جا رہی ہے اور بہت جلد اسکول کی عمارت کو نصابی سرگرمی کے لئے بحال کردیا جائے گا ۔منتخب نمائندے نیو کراچی ٹاؤن کے مسائل کو حل کرنے کے لئے شب و روز مصروف ہیں،حالانکہ پچھلے دس پندرہ سالوں میں نیو کراچی ٹاؤن کی تعمیر و ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے پہلے سال میں ہی نیو کراچی کی اندرونی سڑکوں اور گلیوں کی تقریباً چھ لاکھ اسکوائر فٹ کارپیٹنگ کرائی ہے جبکہ عوامی شکایات پر سیوریج اور پینے کے پانی کے مسائل کو بھی حل کررہے ہیں،ہماری کوشش ہے کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء و طالبات اور خصوصی طور پر نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کی فروغ کے لئے کھیلوں کے میدانوں کو بھی آباد کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں مسائل بہت زیادہ ہیں مگر ہمارے حوصلے بلند ہیں ہم وسائل کا رونا نہیں روتے ہیں محدود وسائل میں بھی عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کا عمل بلا تعطل جاری رکھیں گے ۔

متعلقہ خبریں