ایک ارب 91 کروڑ روپے کی لاگت سےموضع عالمگیر بہاولپورسکھاں میں کیڈٹ کالج تعمیر کرنےکی منظوری

جنوبی پنجاب کے تین ڈویژن میں طلبا و طالبات کے 6 سکولوں کو پنجاب پبلک سکول کے نام پر اپ گریڈ جبکہ پنجاب کے 216 سکولوں کو مرحلہ وار اپ گریڈ کیا جائے گا

چشتیاں(نمائندہ مقامی حکومت) پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب نے ملتان میں جنوبی پنجاب کے پہلے کیڈٹ کالج کی منظوری دےدی ہے ۔منصوبے کے لئے باقاعدہ 1 ارب 91 کروڑ روپے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ یہ کیڈٹ کالج موضع عالمگیر بہاولپور سکھاں میں موجود919 کنال 6 مرلہ اراضی پر تعمیر کیا جائے گا۔ اس منصوبےکی منظوری پراونشنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں دی گئی جو کہ چئیرمین پی اینڈ ڈی پنجاب کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹنمنٹ جنوبی پنجاب اور دیگر حکام نےشرکت کی۔ اس کیڈٹ کالج کے منصوبے سے جنوبی پنجاب کے سٹوڈنٹس کو پروفیشنل تعلیم و تربیت کے لئے اعلیٰ معیار کی درسگاہ میسر آسکے گی۔علاوہ ازیں معیاری تعلیم کی بہتری کے لئے بہالپور، ملتان اور ڈی جی خان ڈویژن میں ایک ایک گرلز اور ایک ایک بوائز سکول کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جنہیں پنجاب پبلک سکول کا نام دیا جائے گا۔ان ماڈلز سکولوں کے اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے کے لئے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ان کی تربیت کا اہتمام کیا جائے گا اور ان سکولوں کا تدریسی اور انتظامی معیار نجی سکولوں کے برابر لایا جائے گا اور بہترین وزٹنگ ٹیچرز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ سکولوں کی بلڈنگز، کلاس رومز اور لیبارٹریز کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جائے گا۔ پنجاب پبلک سکولز کے انتظامی امور کے لئے دانش سکول اتھارٹی کے تحت الگ ونگ قائم کیا جائے گا۔اس منصوبے کے تحت صوبہ میں216 سکولوں کو مرحلہ وار اپ گریڈ کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں