وزیراعلیٰ پنجاب نے غیر منتخب لوگوں کے کہنے پر منظوری کے باوجود 95 کروڑ روپے کے فنڈز روک لیے، جب تک فنڈز ریلیز نہیں ہوتے احتجاج جاری رہے گا: جگنو محسن رکن پنجاب اسمبلی
اوکاڑہ(نمائندہ مقامی حکومت)پی پی 184 ضلع اوکاڑہ سے آزاد رکن پنجاب اسمبلی جگنو محسن نے اپنے حلقے کے ترقیاتی فنڈز جاری کروانے کے لیے شیر گڑھ سے ریلی نکالی۔المحسن حویلی شیرگڑھ سے نعرہ گونجا ’ساڈا حق ایتھے رکھ‘ ۔ یہ نعرہ تھا جگنو محسن کی قیادت میں نکالی جانیوالی ریلی کا جس میں پی پی 184 کے ووٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے۔
جگنو محسن کا کہنا تھا کہ ریلی کا مقصد حلقے کے عوام کو ترقیاتی فنڈز کی صورت میں ان کا حق دلوانا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے منظوری کے باوجود فنڈز روک لیے، عوام کے حقوق کے لیے آج اوکاڑہ تک احتجاج کر رہے ہیں بات نہ سنی گئی تو دائرہ وسیع کریں گے۔جگنو محسن نے کہا کہ وہ اوکاڑہ سے واحد آزاد ایم پی اے ہیں، لیکن ہارے ہوئے لوگوں کے کہنے پر ان کے حلقے کے ترقیاتی فنڈز روکے گئے۔
جگنو محسن اپنے سپورٹرز کے ہمراہ احتجاج ریکارڈ کروانے ڈی سی بھی آفس گئیں، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے یقین دہانی کروائی کہ وہ ان کا پیغام وزیراعلیٰ تک پہنچا دیں گے۔