شہر کراچی کی ایڈمنسٹریٹر شپ ایک اعزاز بھی ہے اور ایک چیلنج بھی ، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
ایڈمنسٹریٹر کراچی، سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کراچی کی ایڈمنسٹریٹر شپ ایک اعزاز بھی ہے اور ایک چیلنج بھی ، ابھی عہدے کا چارج بھی نہیں لیا تھا کہ تنقید شروع کردی گئی، مجھے بلدیاتی امور کا تجربہ نہیں ہے لیکن میرے نیت صاف ہے، یہ بات انہوں نے انگلش اسپیکنگ یونین آف پاکستان کی 60 ویں سالانہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ESUP کے کلیم امام، افشاں لالانی اور دیگر نے بیرسٹر مرتضی وہاب کا استقبال کیا، مختلف ممالک کے ڈپلومیٹ اور سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی موجو د تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ میں شہر میں پلا بڑا ہوں ، یہ میرا شہر ہے اور مجھے اس شہر اور ملک سے محبت ہے میں کسی تنازعے میں پڑنے کے بجائے شہر کی ترقی اور بہتری کے لئے کام کروں گا، مسائل بے انتہا ہیں لیکن میں مسائل پر بات نہیں کروں گا بلکہ میں ان کے حل کی بات کروں گا، انہوں نے کہا کہ گاربیج، پانی، سیوریج، لنک روڈز، ایکسپریس ویز، ٹرانسپورٹ کے معاملات کراچی کو درپیش ہیں میری کوشش ہوگی کہ ترجیحی بنیادوں پر ان مسائل کو حل کروں، میں یہاں کراچی کے لوگوں سے درخواست کرنا چاہتاہوں کہ وہ ان کاموں کو بہتر طور پر حل کرنے کے لئے میرا ساتھ دیں، انہوں نے کہا کہ کراچی کا شمار دنیا کے بڑے شہروں میں ہوتا ہے اور اس کے مسائل بھی اسی طرح بہت زیادہ ہیں لیکن یہ سارے مسائل حل ہونے چاہئیں اور میری کوشش ہوگی کہ جن مسائل کا میں نے ذکر کیا ہے ان کو جلد سے جلد حل کرنے کی بھرپور کوشش کروں، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کو اس موقع پر انگلش اسپیکنگ یونین آف پاکستان کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔