”پرواز کارڈ“امیدواروں کی100فیصدسلیکشن میرٹ پرہوئی، باہر جاکرپاکستان کوبھولنا نہیں: وزیراعلیٰ مریم نواز
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ”پرواز کارڈ“ کے لیے امیدواروں کی 100فیصد سلیکشن میرٹ پر ہوئی، کوئی سفارشی کلچر نہیں۔ باہر جا کر کبھی یہ نہ بھولنا کہ آپ پاکستانی ہو۔ ’پرواز کارڈ“ کے زیرا ہتمام تربیت مکمل کرکے بیرون ملک جانیوالے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نے کہا کہ”پرواز کارڈ“ سکیم کے تحت 135 نوجوانوں کا گروپ 28 جون کو بیرونِ ملک روانہ ہو رہا ہے،چیف منسٹر نے جذباتی انداز میں کہا کہ135 نوجوانوں کا گروپ ”پرواز کارڈ“ سکیم کے تحت 28 جون کو بیرونِ ملک روانہ ہورہا ہے،آج بہت خوش ہوں،ما ں کی طرح الوداع کرنا چاہتی ہوں ۔ پنجاب حکومت 5 لاکھ بچوں کو جدید عالمی تقاضوں کے مطابق ٹریننگ دے رہی ،بیرونِ ملک جانے کا پورا مہنگا پراسیس اور اخراجات حکومت نے اپنے ذمہ لے لیا ہے، پاکستان کو ”آپریشن بنیان مرصوص“ میں بہت بڑی فتح نصیب ہوئی، اپنے ملک کے وقار کو ہمیشہ اپنی نظروں کے سامنے رکھیں۔طلبا ء کیساتھ گروپ فوٹو بھی بنوائی۔۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پرواز کارڈ کے درخواست گزار نوجوان اتنے محنتی ہیں کہ صبح بورڈ کا پیپر ہوتا تھا اور یہ رات بھر محنت اور کام کرتے تھے۔ اللہ نے محنتی ہاتھ پھیلانے والا نہیں بلکہ دینے والا ہاتھ (برسرِروزگار) بنایا ہے۔ بہت سے لوگ نوکری کے خواہش مند ہوتے ہیں لیکن ان کے پاس روزگار کے مواقع نہیں ہوتے۔ بیرونِ ملک جا کر نہ صرف روزگار کے بہترین مواقع ملیں گے بلکہ نیا ایکسپوزر بھی حاصل ہوگا۔ نوجوان بیرون ملک مشاہدہ کریں کہ جو قومیں ترقی کر گئیں، ان میں اور ہم میں کیا فرق ہے۔ خلیجی ممالک میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد جاتی ہے، افسوس سب سے زیادہ شرح غیر ہنر مند افراد کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب تک ہنر مند ورک فورس نہیں ہوگی، تب تک عالمی مارکیٹ میں کوئی مقام اور عزت نہیں ملے گی۔