وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکا دورہ فیصل آباد ، 8 ارب 16 کروڑ روپے لاگت کے 78 ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا

لاہور (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نےفیصل آباد کے دورے کے دوران 8 ارب 16 کروڑ روپے لاگت کے 78 ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ اس سلسلہ میں منگل کو ایک پروقار تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں انہوں نے 20 کروڑ روپے مالیت کے رورل ہیلتھ سنٹر کھرڑیانوالہ کی اپ گریڈیشن ،ساڑھے 7 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے کرکٹ سٹیڈیم تاندلیانوالہ کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ فیصل آباد کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے 11 منصوبے 3 ارب 11 کروڑ ، جھنگ روڈ ماڈل بازار سے پل چوہلاں کی تعمیر و مرمت کا کام18کروڑ ،پینے کے صاف پانی اور نکاسی آب کے 19 منصوبے 4 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے منصوبے کے تحت 11 کروڑ روپے کی لاگت سے 15 ڈسپنسریوں کی مرمت و بحالی کی جائے گی اورشعبہ تعلیم کے 25 منصوبے 16 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے۔علاوہ ازیں دیہات تک رسائی کے پروگرام کے تحت 5 سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے 30 کرو ڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے سیوریج اور واٹر سپلائی کیلئے مشینری وغیرہ خریدنے کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے 4ارب روپے،156 ملین روپے سے ضلع فیصل آباد کے 25 سکولوں کی اپ گریڈیشن اور نئے کلاس رومز کی تعمیر کے منصوبے کابھی افتتاح کیا۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر فیصل آبادعلی شہزادنے وزیر اعلیٰ پنجاب کو فیصل آباد میں جاری تعمیرات و ترقیاتی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں بارے بریفنگ دی اور انہیں فیصل آبادمیں پرائس کنٹرول، صحت،کورونا وائرس اورڈینگی کے ساتھ ساتھ شہر کی ترقی کے منصوبوں کے ضروری امور سے آگاہ کیا۔مزید برآں ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد عمران محمود نےوزیر اعلیٰ پنجاب کو امن و امان اور ٹریفک کی صورتحال بارے بریف کیا ۔اس موقع پروزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب،ممبران قومی اسمبلی نواب شیر وسیر،نصراللہ گھمن، عاصم نذیر،فیض اللہ کموکا، خرم شہزاد، راجہ ریاض،صوبائی وزیر ثقافت و کالونیزمیاں خیال احمد کاسترو،صوبائی وزیر برائے وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم اجمل چیمہ،صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین خان،صوبائی وزیر ایکسائز،ٹیکسیشن اینڈ نا رکوٹکس کنٹرول حافظ ممتاز احمد،معاون خصوصی وزیراعلیٰ سپورٹس ملک عمر فاروق، میاں وارث عزیز چیئرمین پی ایچ اے، شکیل شاہدپارلیمانی سیکرٹری لیبر، عادل پرویز گجرپارلیمانی سیکرٹری زراعت و لائیو سٹاک،چوہدری علی اختر،فردوس رائے ایم پی اے و وائس چیئرمین ایف ڈی اے، کمشنر فیصل آباد زاہد حسین،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد علی شہزاد، ریجنل پولیس آفیسر عمران محمود، سی پی او اور مختلف ڈویژنل و ضلعی محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں