پاکستان اس وقت دنیا کا سستا ترین ملک ،افورڈایبلٹی انڈکس میں بھی تیسرا نمبر ہے ‘ جمشید اقبال چیمہ
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ جمشید اقبال چیمہ نے کہاہے کہ پاکستان اس وقت دنیا کا سستا ترین ملک ہے ،افورڈایبلٹی انڈکس میں بھی پاکستان کا تیسرا نمبر ہے ،وزیر اعظم عمران خان کو عوام کا احساس ہے اور عوام کی زندگیوںمیں آسودگی لانے کیلئے مزید کوششیں جاری ہیں،حکومت نے احساس پروگرام اور سبسڈی کے لئے مجموعی طو رپر936ارب روپے کی خطیررقم مختص کی ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ بین الاقوامی اداروں گو بینک کمپنی،یاہو فنانس کمپنی اور انٹر نیشنل پاپولیشن ریویو نے دیگر کمپنیوں سے مل کر رپورٹ دی ہے جس کے مطابق دنیا میں پاکستان سب سے سستا ملک ہے ، اس سٹڈی یا سروے کا سٹینڈرنیو یارک ہے کہ نیو یارک میںایک چیز کتنے کی ملتی ہے ۔
جو چیز نیو یارک میں 100 روپے میں ملتی ہے پاکستان میں وہ 18.50روپے میں ملتی ہے ،وہی چیز افغانستان میں 24.5،بھارت میں 25.15،بنگلہ دیش میں تقریباً32روپے اورمصر میں 30روپے میں ملتی ہے ۔اگر ہم آمدن کو دیکھیں ہم دنیا میں145نمبر پر ہیں،ہم 48ملکوں سے زیادہ امیر ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ افوریڈبلٹی ریسرچ کے حوالے سے دنیا کا سستا ملک بھارت ہے ،دوسرے نمبر پر سعودی عرب ہے اور تیسرے نمبر پر پاکستان ہے ۔اس میں آمدن اوراورچیزوں کی قیمت کو اکٹھا کر کے توازن نکالا جاتاہے ۔انہوںنے کہاکہ کچھ لوگ صرف بد نیتی کی وجہ سے مایوسی پھیلاتے ہیںلیکن ایسے لوگوں کی کریڈیبلٹی دیکھی جائے اور ان سے ڈیٹا مانگا جائے ۔انہوںنے کہا کہ میںجو اعدادوشمار پیش کر رہا ہوں وہ عالمی اداروںکی رپورٹس ہیں اوران کے سروے اورسٹڈیزموجود ہیں کہ ہم دنیا کا سستا ترین اورموسٹ افوریڈ ایبل ملک ہیں ۔انہوںنے کہا کہ کورونا وباء کے مشکل کے دنوں میں بھی حکومت نے کارکردگی دکھائی ہے ،وزیر اعظم اور حکومت کو اپنے پسے ہوئے طبقات کا بڑا احساس ہے اور اس لئے حکومت ان کی زندگیوں میں آسودگی لانے کے لئے دن رات کوشاں ہے ۔ حکومت نے 256ارب روپے احساس پروگرام جبکہ 680ارب روپے سبسڈی کے لئے مختص کئے ہیں ،وزیر اعظم عمران خان کی کوشش ہے کہ ہم اپنی عوام کی مشکلات مزید کم کرکے بہترین اور خوشحال خطوں میں شامل ہوں اور انشا اللہ یہ ایک دن ضرورہوگا۔