دنیا کی مشہور سپر اسٹور چین سپار انٹرنیشنل نے پاکستان میں اپنے چوتھے سپر اسٹور کا افتتاح کر دیا
ھالینڈ کی مشہور سپر اسٹور کی چین سپار انٹرنیشنل نے پاکستان میں اپنے چوتھے اسٹور کا افتتاح کر دیا۔یہ اسٹورنارتھ ناظم آباد کراچی کے گنجان آباد علاقے میں قائم کیا گیا ھے۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ورلڈ بینک کے تعاون سے چلنے والے پراجیکٹ کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سید صلاح الدین احمد تھے۔ جنہوں نے پروقار افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ھوئے اس اسٹور کو ملک میں ھونے والی حالیہ سرمایہ کاری میں ایک خوشگوار اضافہ قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف بیرونی سرمائے کی ملک میں آمد کی حوصلہ افزائی ھوگی بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی پیدا ھونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپار کے بین الاقوامی چین اسٹور پر درآمد شدہ مصنوعات کے علاوہ مقامی سطح پہ تیار کی گئی معیاری مصنوعات بھی میسر ھونگی جس سے مقامی صنعتوں کو بھی فروغ حاصل ھوگا۔
افتتاحی تقریب میں مقامی کاروباری شخصیات کے علاوہ اسٹور کے عملہ، انتظامیہ اور سپار پاکستان کے ڈائریکٹرز احسن چاولہ اور یحییٰ چاولہ بھی موجود تھے۔
کنزیومر گڈز میں ملک کی صف اول کی کمپنی برق کارپوریشن پاکستان میں سپار انٹرنیشنل کی لائسنس یافتہ ھے۔ جبکہ سپار انٹرنیشنل دنیا کے 48 ملکوں میں 13500 سپر اسٹورز کی چین کو چلانے والی ھالینڈ کی صف اول کی ملٹی نیشنل کمپنی ھے۔