مریم نواز کی درخواست پراعتراضات ختم ، سماعت13اکتوبرکوہوگی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نوازکی درخواست پر رجسٹرارکے اعتراضات ختم کردیئے ہیں اور دفتر کو ہدایت کی ہے کہ درخواست کونمبر لگاکر سماعت کیلئے مقررکیا جائے ، عدالت نے نیب کی جانب سے ایون فیلڈکیس میں اپیلوں کا فیصلہ جلد کرنے کی درخواست پرمریم نواز، کیپٹن صفدر کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا ہے ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دویژن بینچ نے مریم نواز اور انکے خاوند کیپٹن ریٹائر ڈ محمد صفدر کی جانب سے دائر اپیلوں کی  سماعت کا آغاز کیاتو مریم نواز کے نئے وکیل عرفان قادر ایڈووکیٹ عدالت کے سامنے پیش ہوئے ۔ جسٹس عامر فاروق نے وکیل عرفان قادر سے کہاکہ ان کی طرف سے ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس پر رجسٹرار ہائیکورٹ کے اعتراضات ہیں اس پر عرفان قادرنے کہا کہ انہیں پتہ چلاہے کہ درخواست پر دو اعتراضات لگائے گئے ہیں, ان اعتراضات پر بات کرنے سے پہلے گزارش کرنا چاہتا ہو ں کہ اخبارات پڑھ کر یہ تاثر ملا کہ شاید ہم نے خدانخواستہ حساس اداروں یا پاک فوج کے خلاف کوئی درخواست دائر کردی ہے لیکن میں یہ تاثر ختم کرنا چاہتا ہوں کہ  پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے ,ہمارے خفیہ ادارے دنیا کے بہترین ادارے ہیں،ہم کسی ایک ادارے کے خلاف نہیں، ایک شخص کے خلاف ہیں،اس دوران عدالت نے آرمڈ فورسز اور خفیہ اداروں بارے عرفان قادر کو دلائل دینے سے روکنے کی کوشش لیکن انہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہاکہ ہم  ملک کے تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں، بہترین ججز بھی موجودہیں  ۔ جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ ابھی دلائل دینے کا وقت نہیں آیا ہم آپ کی درخواست پر رجسٹرارکے اعتراضات ختم کررہے ہیں اور دفترکو ہدایت کی جاتی ہے کہ درخواست کو نمبر لگا کرباقائدہ سماعت کیلئے مقرر کیا جائے ، جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ گذشتہ سماعت کے بعد نیب کی جانب سے بھی ایک درخواست دی گئی ہے اس کو بھی دیکھ لیں.  عدالت نے کیس کی سماعت 13اکتوبر تک ملتوی کردی ہے ۔

متعلقہ خبریں