اشیاء خورونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے اور قیمتوں کیساتھ ساتھ اشیاء کی طلب اور رسد پر بھی کڑی نظر رکھی جائے: چیف سیکرٹری پنجاب

لاہور(نمائندہ مقامی حکومت)چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ اشیاء خورونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے اور قیمتوں کیساتھ ساتھ اشیاء کی طلب اور رسد پر بھی کڑی نظر رکھی جائے۔انہوں نے یہ ہدایت آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی جس میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں، دستیابی اور عوامی فلاح کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ گرانفروشی اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں ہے، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں استحکام کیلئے زرعی منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صرف نوٹیفائڈ افسر ہی پرائس چیکنگ کا مجاز ہوگا۔چیف سیکرٹری نے عوامی فلاح کے اقدامات کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کی روک تھام کیلئے 15اکتوبر تک تمام گاڑیوں سے فٹنس سرٹیفیکیٹ حاصل کر لئے جائیں۔ فیصل آباد اور بہاولپور کے ڈویژنل کمشنرز نے چیف سیکرٹری کو تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیصل آباد ڈویژن میں ایک ہفتے کے دوران 15ہزار سے زائد مقامات کی انسپکشن کی گئی اورخلاف ورزیوں پر 21لاکھ روپے کے جرمانے، 40مقدمات کا اندراج اور 46افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح بہاولپور ڈویژن میں گرانفروشی پر14لاکھ روپے کے جرمانے، 52مقدمات درج اور 166افراد کو گرفتار کیا گیا۔عوامی فلاح کے اقدامات کے تحت فیصل آباد میں 2235 جبکہ بہاولپورڈویژن میں 4134کھلے مین ہولز پر ڈھکن لگائے گئے اور صفائی اور سیوریج سے متعلق شکایات کا بر وقت ازالہ ممکن بنایا گیا۔

متعلقہ خبریں