عوامی منصوبوں میں لوٹ مار ماضی کا قصہ ، کسی کیخلاف انتقامی کا رروائی کی نہ ہو گی: عثمان بزدار

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے رکن صوبائی اسمبلی سلمان نعیم نے ملاقات کی۔ سلمان نعیم نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے مسائل ترجیحی بنیاووں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 360 ارب روپے کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج ہر ضلع کی یکساں ترقی کا آئینہ دار ہے۔ تاریخ میں پہلی بار منتخب نمائندوں کی مشاورت اور اضلاع کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر منصوبے شروع کئے ہیں۔ ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب سمیت صوبے کے ہر پسماندہ ضلع کو نظر انداز کیا۔ عوامی منصوبوں میں لوٹ مار قصہ پارینہ بن چکی ہے۔ اپنے ادوار میں نمودو نمائش کرنیوالوں نے عوام کی ترجیحات کا تعین کئے بغیر منصوبوں پر قوم کا پیسہ ضائع کیا۔ سابق حکمرانوں نے عوام کی حقیقی ضروریات کو پس پست ڈالے رکھا۔ ہماری حکومت نے ماضی کی غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے۔ اب ذاتی نمائش نہیں بلکہ صرف کام ہوتا ہے اور ہم عمل کرکے دکھاتے ہیں۔ آج تک کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کی، نہ ہوگی۔ ہماری حکومت نے رولز آف بزنس منظور کرکے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے محکموں کو بااختیار بنایا ہے اور ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کو انتظامی لحاظ سے خود مختاری دی ہے۔  ہم جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے۔ میں نے ایک بار پھر شہروں اور تحصیلوں کے وزٹ کا آغاز کردیا ہے اور جلد ملتان کا تفصیلی دورہ کروں گا۔ علاوہ ازیں  عثمان بزدار نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کے باعث واسا اور انتظامیہ کو الرٹ کردیا ہے۔  وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کے جلد نکاس کو یقینی بنایاجائے۔واسا حکام اور انتظامیہ نکاسی آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور نکاسی آب کو کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے۔ نکاسی آب کے کام میں غفلت برداشت نہیں۔ شہریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہوناچاہیے۔  وزیراعلیٰ نے ریسکیو 1122اور پی ڈی ایم اے کو بھی ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی حادثے کی صورت میں فوری امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج وزیراعلیٰ آفس میں ائیر آفیسر کمانڈنگ، سنٹرل ائیر کمانڈ، پاکستان ایئر فورس، ایئر وائس مارشل ظفر اسلم نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے ایئر فورس کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کو سراہا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس قوم کا قابل قدر اور قابل فخر ادارہ ہے۔ سماجی ترقی کیلئے پاکستان ایئر فورس کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اجلاس میں راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ عثمان بزدار نے منصوبے  پر پیش رفت پر اطمینان  کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید  تیز کیا جائے اور منصوبے  سے متعلقہ امور کو جلد از جلد نمٹایا جائے۔  شجرکاری مہم کے تحت 60  لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ یہ ماحول دوست منصوبہ ہے۔  لینڈ ایکوزیشن کا بقیہ  کام قواعد و ضوابط کے تحت جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔  غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے  یہ منصوبہ  بے پناہ کشش رکھتا ہے۔ راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ  پراجیکٹ کی دبئی ایکسپو میں شوکیسنگ کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں