ہریتھک روشن کون سی فلم کے بعد ایکٹنگ چھوڑنا چاہتے تھے؟
ممبئی: بالی ووڈ ہیرو ہریتھک روشن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی سپر ہٹ فلم ’ کہو نا پیار ہے‘ کے بعد اداکاری چھوڑنا چاہتے تھے۔
اداکار ہریتھک روشن نے فلم ’ کہو نا پیار ہے‘ سے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تھا اور اس فلم سے ہریتھک روشن نہ صرف راتوں رات سپر اسٹار بن گئے تھے بلکہ فلم نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے تھے۔
اب ہریتھک روشن کے بارے میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ وہ ’ کہو نا پیار ہے‘ کی غیر معمولی کامیابی کے باوجود اداکاری کو خیر باد کہنا چاہتے تھے۔ہریتھک روشن نے ایک تقریب میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ جب دو حملہ آوروں نے ان کے والد سینئر اداکار اور ڈائریکٹر راکیش روشن کو گولیاں ماریں تو انہوں نے اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔
مزید پڑھیں: کیا ہریتھک روشن خطرناک بیماری میں مبتلا ہیں؟
اداکار کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعہ کے بعد سے میرا سخت محنت اور دنیا میں موجود اچھائی سے یقین ختم ہوگیا تھا اور میں اس وقت سب کچھ چھوڑ دینا چاہتا تھا جب میرے لیے اچھا ہونے جا رہا تھا۔
ہریتھک روشن کے مطابق یہ مداحوں اور فلم انڈسٹری میں موجود دوستوں کی حمایت، پیار اور خلوص تھا جس نے مجھے ہار نہ ماننے اور حوصلہ نہ چھوڑنے سے روکا۔ مشکل وقت میں مداحوں اور دوستوں نے مجھے احساس دلایا کہ میں تنہا نہیں ہوں۔