شوگر ملز کو مقرر کردہ ایکس مل ریٹ پر چینی بیچنے کی مشروط اجازت دے دی گئی، سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ جاری

چینی کی قیمت مقرر کرنے سے متعلق حکومتی اپیل پر سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا جس کے مطابق شوگر ملز کو مقرر کردہ ایکس مل ریٹ پر چینی بیچنے کی مشروط اجازت دے دی گئی۔پیر کو 4 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس عمر عطا بندیال نے تحریر کیا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ شوگر ملز کو مقرر کردہ ایکس مل ریٹ پر چینی فروخت کرنے کی مشروط اجازت دی جاتی ہے، ہائی کورٹس کی قیمتوں کے معاملے میں مداخلت غیر متعلقہ حدود میں داخلے کے مترادف ہے۔فیصلے میں کہا گیا کہ لاہور ہائی کورٹ کو معاملہ واپس بھیجتے ہوئے کیس نمٹایا جاتا ہے، لاہور ہائی کورٹ زیر التوا درخواستوں پر 15 روز میں فیصلہ کرے۔تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ حکومت اور شوگر ملز مالکان کی مقرر کردہ ریٹ میں فرق پر مبنی رقم ہائی کورٹ میں جمع ہوگی، شوگر ملز کی طرف سے صرف مچلکے جمع کروانا کافی نہیں، متعلقہ کین کمشنر چینی کے اسٹاک اور فروخت کا ریکارڈ مرتب رکھیں۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ہائی کورٹ نے حکومت کی مقررہ قیمت کے خلاف یکطرفہ حکم امتناع جاری کیا، ہائی کورٹ کی ذمہ داری ہے کہ قانونی نقطے پر فیصلہ کرے، قیمتوں اور نفع نقصان کا تعین کرنا عدلیہ کی ذمہ داری نہیں، ہائی کورٹس کی قیمتوں کے معاملے میں مداخلت غیر متعلقہ حدود میں داخلے کے مترادف ہے۔

متعلقہ خبریں