لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے صرف 75 روز میں 1,129 سڑکوں کی تعمیر و بحالی مکمل کرکے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، جبکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے باعث 11 ارب روپے کی بچت بھی کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W) کے ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس میں صوبے بھر میں جاری سڑکوں کی تعمیر، بحالی اور دیہی انفراسٹرکچر کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات راجہ جہانگیر انور نے بریفنگ دی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ ڈھائی برس کے دوران پنجاب میں مجموعی طور پر 32 ہزار کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کا کام مکمل کیا گیا، جبکہ صرف رواں سال اپریل سے جولائی کے دوران 6 ہزار کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی گئی۔ 75 روز میں 30 ارب روپے کی لاگت سے 1,795 کلومیٹر طویل روڈ نیٹ ورک مکمل کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے محکمہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پنجاب کی تمام شاہراہوں پر لین مارکنگ ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے لاہور رنگ روڈ پر چھ جدید سروس ایریاز کے قیام کی بھی منظوری دی، جن سے سالانہ تقریباً 50 کروڑ روپے آمدن متوقع ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ تمام سروس ایریاز رواں سال دسمبر تک فعال کر دیے جائیں گے۔
اجلاس میں "سوہنے پنڈ، سوہنیاں راہواں” پروگرام کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر کی پیش رفت بھی پیش کی گئی۔ بریفنگ کے مطابق لوکل روڈز پروگرام کے تحت 79 ارب روپے کی لاگت سے 1,567 منصوبے مکمل کیے گئے، جن میں 3,400 کلومیٹر سڑکیں شامل ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ فیلڈ اسٹاف نے تین شفٹوں میں دن رات کام کر کے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی، جبکہ سیلاب سے متاثرہ تمام 124 سڑکیں بھی بحال کر دی گئی ہیں۔ نئے مالی سال میں سڑکوں کی تعمیر کے 42 نئے منصوبے شامل کیے گئے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 51 ارب روپے کے نئے ترقیاتی فنڈز کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے تمام زیر تعمیر سڑکوں کی تکمیل کے لیے حتمی ٹائم لائن پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معیاری انفراسٹرکچر کی فراہمی، محفوظ شاہراہوں کی تعمیر اور دیہی و شہری رابطوں کو بہتر بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔