کراچی میں پانی چوری کے خلاف تاریخی اقدام، واٹر کارپوریشن کا خصوصی تھانہ قائم
کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پانی چوری، غیر قانونی کنکشنز اور ہائیڈرنٹس مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے خصوصی تھانے کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس اقدام کو کراچی میں آبی وسائل کے تحفظ اور شہریوں کو منصفانہ پانی کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
افتتاحی تقریب میں واٹر کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی، چیف آپریٹنگ آفیسر انجینئر اسداللہ خان، چیف فنانشل آفیسر عمار علی خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ واٹر کارپوریشن نے پانی چوری، غیر قانونی کنکشنز اور ہائیڈرنٹس مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پانی چوری کے مقدمات کی رجسٹریشن، تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے خصوصی تھانہ قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ واٹر کارپوریشن ایکٹ کے تحت قائم اس خصوصی تھانے کو مکمل قانونی اختیارات حاصل ہیں، جبکہ پانی چوری سے متعلق تمام مقدمات اب اسی تھانے میں درج کیے جائیں گے تاکہ قانونی کارروائی کو تیز، شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ خصوصی تھانے کے ذریعے پانی چوری، غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے قیام اور سرکاری پانی کے غیر مجاز استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے پانی کے حق پر ڈاکہ ڈالنے والے کسی بھی فرد یا گروہ کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ اقدام عوامی مفاد، شہری حقوق کے تحفظ اور کراچی کے آبی وسائل کی حفاظت کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوگا، جبکہ پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے قانونی اقدامات مزید مؤثر انداز میں جاری رہیں گے۔