سینیٹ میں چائنا پاکستان اکنامک کوریڈو (سی پیک) اتھارٹی ترمیمی بل پیش کردیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔
اسلام آباد(نمائندہ مقامی حکومت) پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے ایوان میں بل پیش کیا، بل کے متن میں مطالبہ کیا گیا کہ سی پیک اتھارٹی میں صوبوں کو نمائندگی دی جائے۔پی پی سینیٹر نے کہا کہ سی پیک میں صوبوں کی نمائندگی کا مسئلہ نظر آرہا ہے۔شیری رحمٰن نے مزید کہا کہ سی پیک پر بلوچستان کو سب سے زیادہ تحفظات تھے، سندھ، کے پی اور پنجاب کو بھی تحفظات تھے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سی پیک تعطل کا شکار ہوتا جارہا ہے، بل میں ترمیم شامل کی ہے کہ سی پیک اتھارٹی میں صوبائی نمائندگی ہو، صوبوں کی نمائندگی سے کم از کم رنجشیں نہیں ہوں گی۔وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے سینیٹ میں بیان دیا کہ اسد عمر کی ہدایت ہے کہ سی پیک پر اس بل کو رضا ربانی کے بل کے ساتھ اکٹھا کردیں۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نےشیری رحمٰن کا بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا.