مذہبی جماعت کے کارندوں کا صحافی کے گھر پر پٹرول بم سے حملہ
راولپنڈی (کرائم رپورٹر) راولپنڈی میں مذہبی جماعت کے کارندوں کا صحافی کے گھر پر پٹرول بم سے حملہ، بالکونی میں پڑا گھریلو سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ نصیر آباد کے علاقہ گلشن خدا داد کالونی میں مقیم صحافی محمد ثاقب چوہدری کے گھر پر مذہبی جماعت کے کارندوں نے شام کو تقریباً 7 بجے پٹرول بم سے حملہ کر دیا جس کے باعث بالکونی میں موجود گھریلو سامان جل کر راکھ بن گیا۔ ملزمان حملہ کرنے کے بعد فرار ہو گئے۔
چینی خبررساں ادارہ شِنہوا چائنہ نیوز کے ساتھ وابستہ صحافی محمد ثاقب چوہدری کا کہنا ہے کہ وقوعہ کی اطلاع فوری طور پر تھانہ نصیر آباد کو دی گئی لیکن پولیس دو گھنٹے تاخیر سے جائے وقوعہ پر پہنچی۔
توہین مذہب کے قانون کے غلط استعمال بارے میری تحاریر اور سوشل میڈیا پر پوسٹس کے باعث مذہبی جماعت میری جان کے درپے ہے، انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعت کے کارندے پہلے بھی مجھے ہراساں کرتے رہتے ہیں لیکن آج وہ میرے گھر تک پہنچ گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس بااثر ملزمان کو گرفتار کرنا تو دور ان کیخلاف ایف آئی آر تک درج نہیں کر رہی۔
صحافی محمد ثاقب چوہدری نے کہا کہ میری جان کو شدید خطرہ لاحق ہے، مجھے کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار مذکورہ جماعت کے امیر ہوں گے، انہوں نے اعلیٰ حکام سے سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔