کراچی (نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہٰ سلیم کی سربراہی میں محکمہ صحت کی جانب سے 15 اکتوبر سے شروع کی جانے والی نئی مہم برائے انسداد پولیو،خسرہ اور روبیلاکے حوالے سے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس سینٹرل میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر لیاقت آباد ثناء طارق سید، اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد طاہر چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر گلبرگ دادن خان لاشاری، اسسٹنٹ کمشنر نیو کراچی ریاض شیخ، ایریا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فرحاج، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شبیر،ڈسٹرکٹ ایڈیشنل ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ثناء اور (N.STOP) ڈاکٹر جمیل و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ایریا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فرحاج نے محکمہ صحت کی جانب سے آڈیو ویژل پرسینٹیشن کے ذریعے محکمہ صحت ضلع وسطی کی گزشتہ کارکردگی کی تفصیلات سے حاضرین کے سامنے پیش کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ کے پروگرام کے بارے میں لائحہ عمل کی تفصیلات سے بھی حاضرین کو آگاہ کیا گیا جس میں 15 نومبر سے انسداد پولیو،خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی مہم کی تفصیلات شامل تھیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہٰ سلیم نے محکمہ صحت ضلع وسطی کی کارکردگی پر انھیں خراجِ تحیسن پیش کیا انہوں نے مذید کہا کہ ضلعی انتظامیہ انسداد پولیو مہم کے ورکرز و دیگر پیرا میڈیکل اسٹاف کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ویکسی نیشن کے انکاری والدین کی تعداد میں بھی قابلِ ذکر کمی کرنے میں کامیاب ہوئی ہے جسکی وجہ سے ضلع وسطی میں پولیو مہم انتہائی کامیاب رہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ ہونے والی مہمات کو بھی کامیاب بنانے کے لئے ضلع وسطی کے محکمہ صحت کے افسران و پولیو ورکرز بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہٰ سلیم نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالی کی نعمتوں میں سب سے بڑی نعمت صحت ہے صحت کا کوئی بھی نعم البدل نہیں ہے اپنے پیارے بچوں اور مستقبل کے معماروں کو صحتمند رکھنے اور عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں جبکہ 9 ماہ سے 5 سال تک کے بچوں کو خسرہ اور روبیلا کی بیماری سے بچاؤ کے لئے ٹیکے بھی لگوائیں انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت سندھ ضلع وسطی میں 15 نومبر سے 27 نومبر تک نئی مہم برائے انسداد پولیو،خسرہ اور روبیلا شروع کر رہا ہے اس دوران محکمہ صحت کے ورکرز آپ کی دہلیز پر آپ کو ویکسین کی سہولیات مہیا کریں گے جس کا بھرپور فائدہ اٹھائیں۔