کراچی(نمائندہ مقامی حکومت) ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ساؤتھ ڈاکٹر افشاں رباب سید نے کہاہے کہ پھول فضاء میں خوشبو بکھیرنے کے ساتھ ساتھ ماحول کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرتے ہیں یہ فطری حسن اورجمالیاتی ذوق کے عکاس ہوتے ہیں اور انسانی دل و دماغ کو تروتازہ و شاداب کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر اختر علی شیخ اور ڈائریکٹر پارکس عاصم علی خان کے ہمراہ کلفٹن تین تلوار اور اطراف کی گرین بیلٹس اور شاہراہ ایران ٹرائینگل میں لگائے گئے سات ہزار میری گولڈ کے موسمی پھولوں کے معائینے کے موقع پر کیا۔ ایڈمنسٹریٹر ساؤتھ ڈاکٹر افشاں رباب سید نے کہاہے کہ پھول اور پودے دھرتی کی خوبصورتی اور انسانی بقاء کا لازمی جز ہیں ان کی حفاظت اور نشونما ہم سب کا فرض ہے پھول اور پودے ماحولیاتی آلودگی کو کم کر کے فضاء کو تازگی بخشتے ہیں جس کے انسانی زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور ایک بہتر قوم کی تشکیل کیلئے صحت مندانہ ماحول کی موجودگی اہمیت کی حامل ہے ڈاکٹر افشاں رباب سید کامزید کہنا تھا کہ ڈی ایم سی ساؤتھ انتظامیہ اپنے دستیاب وسائل سے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ایک مربوط پالیسی کے تحت کوشاں ہے عوام کو صحت مندانہ وخوشگوارماحول فراہم کرنے کیلئے بلدیہ جنوبی کیجانب سے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے تحت لیاری اور صدر زونزمیں بیوٹیفکیشن پلان کے تحت مختلف شاہراہوں، پارکوں، چوراہوں اور گرین بیلٹس کی تزئین وآرائش، پھول اورسبزہ لگانے کاکام جاری ہے میونسپل کمشنر اختر علی شیخ نے کہا کہ بلدیہ جنوبی کیجانب سے پہلے ہی گرین ساؤتھ مہم کے تحت ضلع بھر میں مختلف مقامات پر شجرکاری جاری ہے اس سلسلے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے بہت جلد شہریوں کو مفت پودے تقسیم کرنے کا عمل بھی جلد شروع کیا جا رہا ہے تا کہ نہ صرف ضلع جنوبی بلکہ پورے شہر میں ایک گرین انقلاب برپا کردیا جائے میونسپل کمشنر ساؤتھ نے عوام سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ڈسڑکٹ ساؤتھ میں جاری شجرکاری مہم کے دیرپا مفادات کے حصول کیلئے پھول اور پودوں کی حفاظت میں اپناکرادار اداکریں۔