کراچی(نمائندہ مقامی حکومت)ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی محمد یاسین شر بلوچ کے مطابق انہوں نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کثیر المنزلہ عمارتوں اور پینل اسپتالوں میں پورشنز اور اضافی منزلیں بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔یاسین شر بلوچ کا کہنا تھا کہ سندھ بلڈنگ آرڈیننس 1979.82 شق (1) 19 کے تحت رہائشی پلاٹوں پر کمرشل فلیٹس کی تعمیر و فروخت غیر قانونی ہے، ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کرنے والے شہری جان لیں کہ اس سلسلےمیں ٹھیکیداروں بروکرز اور خریداروں کے درمیان لین دین کرنا غیر قانونی ہے، غیر قانونی ذیلی لیز کے اجراء میں ملوث عناصر کےخلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ڈائریکٹر جنرلSBCA نے بتایاکہ سندھ بلڈنگ آرڈیننس 1979.82 کے تحت غیر تعمیرات میں ملوث افراد کو 3 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔