کراچی (نمائندہ مقامی حکومت) چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ماڈل کالونی ظفر احمد خان کی زیر صدارت ٹاون میونسپل کارپوریشن ماڈل کالونی کی کونسل کادوسرا باضابطہ اجلاس منعقد کیاگیا۔ اجلاس میں ٹاؤن میونسپل کمشنر فہد علی عباسی، وائس چیئرمین فیصل باسط اور اراکین کونسل کی شرکت۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔
اراکین ٹاؤن کونسل کی جانب سے کے الیکٹرک کی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کی شدید مذمت کی گئی اوور بلنگ اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ماڈل کالونی کے اجلاس میں ٹرانزیشن پیریڈ کی طوالت پر تشویش کا اظہار کیا گیا اراکین کونسل کا کہنا تھا کہ جنوری 2023 میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے کے بعد جون میں ٹاؤن چیئرمین کے انتخاب اور حلف برداری کی گئی جس کو بھی اب دو ماہ ہونے کو ہیں عوام اپنے بلدیاتی مسائل کے حل کے لیے طویل اور صبر آزما انتظار کی گھڑیاں گن رہے ہیں عوام کے مسائل کو حل کرنے میں مزید تاخیر ہو رہی ہے اور اب منتخب بلدیاتی نمائندگان کو اختیارات نہیں دیئے جا رہے جس میں آج کا اجلاس اس قرارداد کے ذریعے شدید مذمت کرتا ہے اور حکومت سندھ سے مطالبہ کرتا ہے کہ ٹرانزیشن پیریڈ کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے اور بلدیاتی اختیارات منتخب بلدیاتی نمائندوں کے سپرد کیئے جائیں تا کہ عوامی نمائندے عوام کے مسائل کو جلد از جلد حل کروا سکیں۔
اجلاس میں اراکین نے اپنی اپنی یونین کمیٹیز کے مسائل سے آگاہ کیا اور انکو جلد سے جلد حل کروانے کا مطالبہ کیا۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن نعمان اشرف اور اسسٹنٹ کونسل آفیسر علی عمران بھی موجود تھے۔