مشہور بزرگ حضرت داتا گنج بخش کے عرس کے موقع پر لاہور میں کل 28 ستمبر مقامی تعطیل کا اعلان کردیا گیا
(نمائندہ مقامی حکومت)
حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر حکومت پنجاب نے کل (28 ستمبر کو) مقامی سطح پرعاملاہور تعطیل کا اعلان کر دیا، تاہم پنجاب سول سیکرٹریٹ اور منسلک ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
حضرت امام حسینؑ کے چہلم اور صوفی بزرگ حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پر لاہور میں کل بروز منگل مقامی چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سے کل کی مقامی چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کل ضلعی حکومت کے دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ تاہم وفاقی ادارے اور سول سیکرٹریٹ کھلے رہیں گے۔
ادھر حضرت داتا گنج بخشؒ کے سالانہ 978 ویں عرس کی تقریبات کا آج دوسرا روز ہے۔ لاہور سمیت ملک بھر سے عقیدت مندوں کا فیض و برکات کے حصول کیلئے آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ خواتین عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے بھی حاضری دی اور دعائیں مانگیں۔ حاضری دینے کے لئے زائرین قطاروں میں لگ کر باری کا انتظار کرتے رہے۔
داتا دربار میں خصوصی طور پر محفل سماع کا اہتمام کیا گیا، جس میں ملک بھر سے آئے نامور قوالوں نے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ صوبائی وزراء پیر سید سعید الحسن، میاں اسلم اقبال اور حافظ ممتاز بھی محفل سماع میں شریک ہوئے۔ صوبائی وزراء کا کہنا تھا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کی تعلیمات پر عمل کرنے سے معاشرے میں امن پیدا ہو سکتا ہے۔
داتا دربار پر آئے عقیدت مندوں کا کہنا تھا کہ وہ روحانی فیض پانے کے لئے یہاں حاضری دینے آتے ہیں۔ عرس کے موقع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے جبکہ زائرین کے لئے لنگر کا بھی وسیع اہتمام کیا گیا ہے