لاہور (نمائندہ مقامی حکومت) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے بہترعلاج کو یقینی بنانے کیلئے انقلابی فیصلہ کرلیا۔پنجاب میں ہب اینڈسپوکس پراجیکٹ کاآغازکیاجائے گا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے یہ فیصلہ محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرمیں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرعمران سکندر بلوچ، سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر احمد جاوید قاضی،سپیشل سیکرٹریزمحمد اجمل بھٹی، صالحہ سعید،ڈاکٹرآصف طفیل،ڈاکٹرفرخ نوید اور ڈاکٹر نعیم مجیدنے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اپنے خطاب میں کہا کہ ہب اینڈ سپوکس پراجیکٹ کے تحت ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز،تحصیل ہیڈکواٹرزہسپتالوں اور ٹراماسنٹرزکو سرکاری میڈیکل یونیورسٹیزکے ساتھ منسلک کردیاجائے گا۔ سب سے پہلے ہب اینڈسپوکس پراجیکٹ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی،فیصل آبادمیڈیکل یونیورسٹی اور نشترمیڈیکل یونیورسٹی سے شروع کیاجائے گا۔ راولپنڈی،فیصل آباداور ملتان ڈویژنز میں ہب اینڈسپوکس پراجیکٹ کے تحت منسلک سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرزکی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پوراکیاجائے گا۔ ہب اینڈسپوکس پراجیکٹ کے ذریعے منسلک سرکاری ہسپتالوں میں آئی ٹی انفراسٹرکچر،ایمبولیسنزکی فراہمی،ڈاکٹرزکی رہائشگاہوں،لیبارٹری سروسز،ریڈیالوجی سروسز،آپریشن تھیٹرز،ڈے کئیرسنٹرز،کمیونٹی آؤٹ ریچ کیمپس،فنانشل آٹانومی،ایچ آر الاؤنس،کوالٹی مینجمنٹ اور مانیٹرنگ میں بہتری آئے گی۔