سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے مخیر حضرات آگے آئیں‘ چوہدری اورنگزیب
لاہور(بیورو رپورٹ)پاکستان تحریک اتحاد کے چیئرمین چوہدری اورنگزیب سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے متحرک ۔چوہدری اورنگزیب نےسیلاب متاثرین کیلئے سٹاف کے ہمراہ موبائل ہیلتھ یونٹ اور امدادی سامان سے بھرے 10 ٹرک جن میں خشک راشن، پینے کا صاف پانی،ادوایات ،بستر اور خیموں کی بڑی تعداد شامل ہے روانہ کر دیئے ۔تفصیلات کے مطابق سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے مذکورہ امدادی سامان پاکستان تحریک اتحاد کے چیئرمین چوہدری اورنگزیب اپنی نگرانی میں کارکنوں کے ذریعے سیلاب متاثرین میں تقسیم کرینگے ۔ اس موقع پر چوہدری اورنگزیب نےکہا کہ متاثرہ علاقوں میں خشک راشن، پینے کا صاف پانی،ادوایات ،بستر اور خیموں کی بڑی تعداد میں ضرورت ہے۔
جس کیلئے لاہور کے 4 مقامات میں امدادی کیمپ لگائے گئے ہیں جن میں سیلاب متاثرین کیلئے نقدی اور دیگر گھریلو اشیا بستر ، کپڑے اور خشک راشن وغیرہ جمع کیا جا رہا ہے۔ تمام مخیر حضرات متاثرین کی مدد کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم قومی جذبے کیساتھ مذکورہ امدادی کیمپوں سے روزانہ کی بنیاد پر امدادی سامان کے 2 ٹرک متاثرہ علاقوں میں بھیجیں گے ۔ اس موقع پر معروف مقامی تاجروں اور مخیر حضرات نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے چیک دیئے جن میں میجر رفیق حسرت ، میاں مبشر ، ڈاکٹر سبیل اکرام ، حلقہ NA-137 سے چوہدری جاوید ، خرم شہزاد ، کاشف شہزاد ، چوہدری ندیم ، امین بٹ ، سعد افتخار اور ساجد اشفاق وغیرہ شامل تھے ۔ چیئرمین پاکستان تحریک اتحاد چوہدری اورنگزیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کر صرف سیلاب متاثرین کی امداد کریں۔ قوم کو سیلاب کی وجہ سے اس وقت مشکل ترین صورت حال کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اڈہ پلاٹ لبرٹی ،جوہر ٹاؤن اورالکبیر ٹاؤن میں امدادی کیمپ لگائے گئے ہیں۔