نئے بلدیاتی نظام کے تحت پنجاب میں11 میٹرو پولٹین بنانے کی سفارش
وزیراعظم عمران خان کی قائم کردہ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق نئے بلدیاتی نظام کے تحت پنجاب میں 11 میٹرو پولٹین اور 25 ضلع کونسل ہوں گے۔ پنجاب میں آئندہ بلدیاتی نظام کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی قائم کردہ کمیٹی نے بلدیاتی نظام کے حوالے سے سفارشات تیار کرلی ہیں، جو منظوری کے لئے آئندہ ہفتے وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔سفارشات و تجاویز میں کہا گیا ہے کہ نئے بلدیاتی نظام کے تحت پنجاب میں 11 میٹرو پولٹین ہوں گی، جس کے تحت سیالکوٹ کو اس کی عالمی حیثیت کے پیش نظر میٹرو پولٹین کا درجہ دیا جارہا ہے، گجرات کو بھی میٹرو پولٹین کا درجہ دیا گیا ہے، 9 ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر میٹرو پولٹین ہوں گی۔نئے بلدیاتی نظام کے تحت پنجاب میں 25 ضلع کونسل ہوں گے، ضلع ناظم اور میٹروپولٹین کے میئر کا انتخاب براہ راست اور جماعتی بنیادوں پر ہوگا، نیبر ہیڈ کونسل، ویلیج کونسل اور تحصیل کونسل کا نظام ہوگا، نیبر ہیڈ کونسل اور ویلیج کونسل کا انتخاب غیر جماعتی بنیادوں پر ہوگا، ویلیج کونسل کی آبادی 10 سے 20 ہزار اور نیبر ہیڈ کونسل 15 سے 20 ہزار افراد کی آبادی پر مشتمل ہوگی۔تجاویز میں کہا گیا ہے کہ ویلیج کونسل کے ساتھ پنچائت کونسل کانظام بھی قائم کیا جائے، 5 رکنی پنجائت کونسل کے ارکان کو ویلیج کونسل کا چیئرمین نامزد کرے گا، گاؤں کی تمام برادریوں کی اہم شخصیات کو پنچائت کونسل میں نمائندگی دی جائے گی، یہ کونسل صفائی، اسٹریٹ لائٹس، چوکیدارہ، اسکول اور چھوٹے تنازعات کو دیکھے گی، اور اس کو معمولی نوعیت کے ٹیکس لگانے کا اختیاربھی ہوگا۔نیبر ہڈ کونسل اور ویلیج کونسل میں بزرگ شہریوں کے لئے ایک سیٹ رکھی جائے گی، لاہورمیٹروپولٹین کارپوریشن میں نیبر ہیڈ کونسل کے بجائے ٹاؤن ہوں گے اور ٹاؤن کے میئرز کا انتخاب بھی براہ راست ہوگا۔