جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے یہ خطہ تعمیر و ترقی کی نئی منازل طے کرے گا: کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب

ملتان(نمائندہ مقامی حکومت)سول سروس اکیڈمی میں پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروسز کے 38 زیر تربیت افسران نے جنوبی پنجاب سول سیکرٹریٹ کا دورہ کیا، جس میں سول سروسز اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل عمررسول، جنوبی پنجاب کے 16 محکموں کےایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز، کمشنرارشاد احمد، ڈی سی عامر کریم خان اور ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈنیشن رانا رضوان قدیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ جنوبی پنجاب کے لئے بجٹ میں مختص 189 ارب روپے اسی خطے میں خرچ کئے جائیں گے،اس سلسلے قومی تعمیر کے محکموں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوفیاء کی درگاہوں، فورٹ منرو اور چولستان کی وجہ سے منفرد جغرافیہ پر مشتمل ایریا ہے اور تاریخی ورثے،کلچر اور منفردخصوصیات
کے پیش نظر کی یہ خطہ مستقبل میں سیاحت کا مرکز بنے گا۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو 17 محکمے منتقل کردیے گئے ہیں جبکہ دیگر23 محکمے مرحلہ وار منتقل کئے جائیں گے۔جنوبی پنجاب کی پروفائل بارے بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کی آبادی3 کروڑ70 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے جبکہ اس کا ایریا 99 ہزار579 مربع کلومیٹر پر محیط ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے بتایا کہ جنوبی پنجاب وطن عزیز کا98 فیصد آم، 93 فیصد کپاس اور43 فیصد لائیوسٹاک پیدا کرتا ہے اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے یہ خطہ تعمیر و ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔جنوبی پنجاب کی عوام کا معیار زندگی بہتر بنانا،شرح خواندگی میں اضافہ، بچوں کی صحت اور صاف پانی کی فراہمی ہمارا ٹارگٹ ہے۔یہ خطہ مستقبل میں سیاحت کا مرکز بنے گا۔سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب عطیل نے کہا کہ جنوبی پنجاب پورے ملک کے لئے فوڈ باسکٹ کی حیثیت رکھتا ہے اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اس خطے کی زرعی پیداوار میں اضافے کے لئے لیڈنگ رول ادا کررہا ہے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ جنوبی پنجاب الطاف بلوچ نے بتایا کہ سیکرٹریٹ کی مانیٹرنگ کی وجہ سے محکموں کی کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے۔کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے بتایا کہ قلعہ کہنہ قاسم باغ کو سیاحوں کے لئے پُرکشش بنانے کے منصوبے پر مشمل پلان تیار کر لیا گیا ہے۔بریفنگ کے دوران سوال جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا۔بعد ازاں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے دورے پر آئے ہوئے سول سروسز کے افسران کو ملتانی اجرک پہنائی گئی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان ، سیکرٹری ایری گیشن عامرخٹک، سیکرٹری فشریز سرفراز مگسی، سیکرٹری سروسز نوشین ملک نے افسران کو اجرک پہنائی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے ڈی جی سول سروس اکیڈمی عمر رسول کو یادگاری شیلڈ دی جبکہ سول سروس اکیڈمی میں زیر تربیت افسران نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کو سونئیر پیش کئے۔سول سروسز اکیڈمی کے افسران کو ملتانی کاشی گری پر مبنی تحائف بھی دیے گئے۔

متعلقہ خبریں