لاہور (نمائندہ مقامی حکومت) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے خلاف صوبہ کے تمام اضلاع میں کریک ڈاؤن میں تیزی لانے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔ آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت دی ہے کہ پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کرکے شہریوں کی جانیں خطرات میں ڈالنے والے ملزمان کے خلاف ویک اینڈ پر خصوصی کریک ڈاؤن کیا جائے ۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ پتنگیں اور دھاتی ڈور بنانے ، خریدوفروخت اور استعمال کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوںنے ہدایت کی کہ پتنگ اور دھاتی ڈور کے آن لائن کاروبار میں مصروف افراد کے خلاف بھی خفیہ آپریشن کیا جائے۔ بڑے شہروں میں پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے مساجد میں خصوصی اعلانات بھی کروائے جائیں اور پتنگ بازی روکنے کے لیے رات کے وقت بھی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے صوبے کے تمام سپروائزری افسران کو ہفتے کے روز جاری کیں۔