الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات پنجاب کے حوالے سے الیکٹورل گروپس کے اندراج کیلئے شیڈول جاری کردیا

قصور(نمائندہ مقامی حکومت)الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات پنجاب کے حوالے سے الیکٹورل گروپس کے اندراج کے لیے شیڈول جاری کردیا، اس ضمن میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر قصور محمدجمیل نے کہاکہ امیدواران جو سیاسی پارٹیوں کے ٹکٹ پر الیکشن نہیں لڑنا چاہتے وہ آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لینے کے لیے الیکٹورل گروپ کا اندراج کروائیں۔ 24مارچ سے 28مارچ تک الیکٹورل گروپ کے سربراہ یا اُن کے مجاز نمائندگان فارم 1پر الیکشن کمیشن کے مجاز افسرکے پاس درخواست جمع کرواسکیں گے۔ یکم اپریل تک مجاز افسران فارم 1پر موصول شدہ درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد کمی بیشی کی صورت میں درخواست متعلقہ الیکٹورل گروپ کے سربراہ کو واپس دیں گے جو کہ 4اپریل 2022تک الیکٹورل گروپ کے سربراہ مجاز افسر کے پاس درستگی کے بعد ترمیم شدہ فارم 1دوبارہ جمع کروائیں گے۔ 6اپریل تک مجاز افسران الیکٹورل گروپ کے اندرج ہونے کا تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ فارم 3شائع کریں گے۔ درخواست کو منظور یا مسترد کرنے پر مجاز افسران کے فیصلوں کے خلاف اعتراضات وگزارشات پر پیش کرنے کی آخری تاریخ 9اپریل مقرر کی گئی ہے۔ ان گزارشات یا اعتراضات کی شنوائی الیکشن کمیشن کی طرف سے مقرر کردہ افسران کریں گے۔ 13اپریل تک ان اعتراضات وگزارشات پر فیصلے جاری کردیے جائیں گے اس طرح الیکٹورل گروپ کے اندراج کا عمل مکمل ہوجائے گا۔

متعلقہ خبریں