اگر کوئی افسر غلط کرے گا میں خود اس کے خلاف کارروائی کروں گا: مبین جمانی نگران صوبائی وزیر بلدیات سندھ

کراچی (نمائندہ مقامی حکومت) نگران صوبائی وزیر برائے بلدیات، ہائوسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ و بحالیات محمد مبین جمانی نے کہا ہے کہ محکمہ کے افسران اپنے آپ کو ہر صورت محفوظ سمجھیں کیونکہ جو افسر درست سمت میں کام کرے گا اس کی پشت پر میرا ہاتھ ہوگا لیکن اگر کوئی افسر غلط کرے گا میں خود اس کے خلاف کارروائی کروں گا ۔ اس شہر کو بلڈنگز کا جنگل بنا دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی آزادانہ طور پر تمام سسٹم کے خلاف فوری کارروائی کا آغاز کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے بعد محکمہ بلدیات کے منعقدہ تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری نجم احمد شاہ، اسپیشل سیکریٹریز لوکل گورنمنٹ، سیکریٹری بورڈ نوروز عباسی، تمام ڈیولپمنٹ اتھارٹیز کے ڈائریکٹرز جنرل، ایم ڈی واٹر بورڈ صلاح الدین سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں لوکل گورنمنٹ سندھ کے زیر انتظام تمام محکموں کے افسران نے نگراں صوبائی وزیر کو اپنے اپنے محکموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ مبین جمانی نے کہا کہ محکمہ بلدیات میں سسٹم کے رواج کا اب ہر صورت خاتمہ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنتا آرہا ہوں کہ اس محکمہ کے زیر انتظام ڈیولپمنٹ اتھارٹیز میں کوئی سسٹم چلتا یا چلایا جاتا ہے۔ مبین جمانی نے کہا کہ اب جو ماضی میں ہوتا ہے اب اس کو ماضی بنا دیا جائے۔ افسران اپنے آپ کو ہر صورت محفوظ سمجھیں کیونکہ جو افسر درست سمت میں کام کرے گا اس کی پشت پر میرا ہاتھ ہوگا لیکن اگر کوئی افسر غلط کرے گا میں خود اس کے خلاف کارروائی کروں گا۔ مبین جمانی نے کہا کہ اب محکمہ کے افسران بلا کسی خوف کے عوام کی خدمت کے لئے اپنے آپ کو پیش کردیں۔ ماضی میں جو بھی ہوا اس کو پس پشت رکھ کر صرف اور صرف قانون کے دائرے میں راہ کر تمام افسران کو کام کرنا ہوگا۔ مبین جمانی نے کہا کہ میں خود پیشہ کے لحاظ سے ایک بلڈر ہوں اور اسی شہر کا رہتا ہوں اس لئے مجھے تمام باتوں کا بخوبی علم ہے۔ مبین جمانی نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈی جی سے کہا کہ اس شہر کو بلڈنگز کا جنگل بنا دیا گیا ہے۔ مجھے علم ہے کہ اس تمام کے پیچھے کون ہے اور کون سے محکمہ کے افسران شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی آزادانہ طور پر تمام سسٹم کے خلاف فوری کارروائی کا آغاز کرے۔ نگران صوبائی وزیر نے سی ای او واٹر بورڈ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ واٹر بورڈ فوری طور پر قانونی ہائیڈرینٹ کی فہرست فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہائیڈرینٹ ایک بڑا مافیا ہے اس کے اس کے پش پشت کون کون ہیں اس کی تفصیل فراہم کے جائے۔ مبین جمانی نے کہا کہ محکمہ بلدیات سے گھوسٹ ملازمین کے خاتمے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جن کی وجہ سے ہمیں مالی بحران سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ انہوں نے سیکرٹری بلدیات کو ہدایات دی کہ براہ راست کونسلز کو او زی ٹی شئیر کی فنانس ڈپارٹمنٹ سے فراہمی کے لئے اس میں چیک اینڈ بیلنس ہو اس کے لئے اقدامات کئے جائیں اور تمام کونسلز میں ملازمین کی تعداد جو فکس ہو وہی ہو اور کوئی کونسل اپنی مرضی سے ملازم نہ رکھے تاکہ ان کو ملنے والے او زی ٹی شئیر سے ترقیاتی کام ممکن ہوسکیں۔ اجلاس میں واٹر بورڈ، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، کے ڈی اے، ایم ڈی اے، ایم ڈی اے، سہیون ڈیولپمنٹ اتھارٹی، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ و دیگر اتھارٹیز کے ڈی جی صاحبان نے اپنی اپنی اتھارٹیز کے حوالے سے نگران صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں نگران صوبائی وزیر برائے بلدیات، ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ و بحالیات محمد مبین جمانی نے زور دیا کہ ہم سب کو ایک پیج پر صرف اور صرف عوام کو سہولیات کی فراہمی کے ایجنڈے پر کارفرما ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلٰی سندھ کا ایک ہی وژن ہے کہ ہم جب تک نگران کے طور پر یہاں ہیں زیادہ سے زیادہ عوام کی سہولیات کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ خبریں